محمد تسکین
بانہال// بدھ کی صبح سے ہی ضلع رام بن کے میدانی علاقوں میں جم کر بارشیں ہوئی ہیں اور دور پہاڑوں پر ہلکی برفباری ہوئی ہے۔ کئی نچلے پہاڑی علاقوں میں بھی منگل کی رات ہلکی برفباری ہوئی تھی تاہم مسلسل بارشوں کی وجہ سے برف جمع نہیں ہوسکی ۔محکمہ موسمیات کے بارشوں سے متعلقہ اعداد و شمار کے مطابق بانہال میں پچھلے 24گھنٹوں کے دوران ریاست کے باقی علاقوں کے مقابلے میں سب سے زیادہ 38.8 ملی میٹر بارشیں ریکارڈ کی گئی ہیں ۔موسلادھار بارشوں کے باوجود جموں سرینگر قومی شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حرکت بغیر کسی خلل کے جاری رہی اور بدھ کی شام تک سینکڑوں کی تعداد میں مسافر اور مال گاڑیوں نے دونوں طرف کے ٹریفک اپنی اپنی منزلوں کا رخ کیا ہے ۔ٹریفک پولیس حکام نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ بارشوں کے باوجود شاہراہ قابل آمدورفت ہے تاہم رام بن ۔ بانہال سیکٹر میں کئی مقامات پر سڑک پر پتھر گرنے کے اکا دکا واقعات بھی پیش آئےلیکن اس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئے بغیر جاری رہی۔ انہوں نے گاڑی والوں سے اپیل کی کہ وہ ناشری اور بانہال کے سیکٹر میں رات کے اوقات میں سفر کرنے سے گریز کریں کیونکہ ناشری ٹنل اور بانہال ٹنل کے درمیان پچاس کلومیٹر کے سیکٹر میں متعدد مقامات پر پتھر اور پسیوں کے گرنے کا احتمال رہتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بدھ کی شام تک رام بن ۔ بانہال سیکٹر میں ہلکی بارشیں ہورہی تھیں اور سینکڑوں کی تعداد میں مسافر اور مال گاڑیاں اپنی منزلوں کی طرف بڑھ رہی تھیں۔ انہوں نے مسافروں سے درخواست کی کہ وہ جمعرات کی صبح شاہراہ کا سفر کرنے سے پہلے موسم اور سڑک کی حالت کا جائزہ لیں اور اس کے بعد ہی اپنا سفر شروع کریں ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ موسمیات نے آئندہ دو روز تک مزید بارشوں اور برفباری کی کی پیشنگوئی کر رکھی ہے اور موسمی ایڈوائزری کو مدنظر رکھتے ہوئے سفر سے پہلے شاہراہ کی صورتحال کا جائزہ لیں اور اس کیلئے ٹریفک کنٹرول یونٹ اور ٹریفک پولیس کے سوشل میڈیا کے اکاؤنٹس سے جانکاری حاصل کی جا سکتی ہے ۔
ڈوڈہ وکشتواڑ اضلاع کے بالائی و میدانی علاقوں برف و باراں
اشتیاق ملک +عاصف بٹ
ڈوڈہ+کشتواڑ //ڈوڈہ ضلع کے بالائی علاقوں میں منگل کی شام شروع ہوئی تازہ برفباری و میدانی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ بدھ کو وقفے وقفے سے جاری رہا ۔اطلاعات کے مطابق منگل کی دیر شام ڈوڈہ ،بھدرواہ ،ٹھاٹھری و گندوہ بھلیسہ کے مضافات میں تازہ برفباری و میدانی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا جو بدھ کے روز وقفے وقفے سے جاری رہی. برفباری و بارشوں کے نتیجے میں جہاں درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے وہیں گرمی سے بھی لوگوں کو راحت ملی ہے اور کسانوں و زمینداروں نے اسے آنے والے کھیتی باڑی و زرعی شعبے کے لئے نفع بخش قرار دیا ہے۔ادھر ضلع میں معمول کے مطابق ٹریفک نظام بحال رہا تاہم بیشتر علاقوں میں پانی و بجلی نظام متاثر ہوا ہے۔ادھرکشتواڑ ضلع میںموسم بے ترتیب رہا جس دوران بالائی علاقوں میں مزید برف باری ہوئی جبکہ میدانی علاقو ں میں بارشوں کا سلسلہ جاری رہا۔ضلع کے بالائی علاقوں مڑواہ ،واڑون ،دچھن،سنتھن ،آلو فارم،چھاترو ،مغل میدان ،سگدی وغیرہ علاقوں میں کل رات سے برف باری کا نیا سلسلہ شروع ہوا جو صبح تک جاری رہا جبکہ اس دوران میدانی علاقوںمیں بارشیں ہوتی رہیں۔آج صبح اگر چہ موسم بہتر ہواتاہم بعد میں موسم نے پھر کروٹ بدلی اور دوپہر کے بعد بارشوں و برف باری کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوا اور شام تک یہ سلسلہ جاری تھا ۔بارشوںاور برف باری کے نتیجہ میں موسم پھر بدلا اور سردی میں اضافہ ہوگیا ہے۔اس دوران سنتھن اور مرگن شاہراہیں بدستو ر آمدو رفت کیلئے بند پڑی ہیں۔
مغل روڈ،سنتھن و مرگن شاہراہیں مسلسل بند
عظمیٰ نیوزسروس
جموں// تازہ برفباری کے بعد مغل شاہراہ اور کشتواڑسنتھن اور مرگن اننت ناگ شاہراہیں بند پڑی ہوئی ہے۔حکام نے بتایا کہ مغل شاہراہ پر بھی بھاری برفباری کے باعث کئی مقامات پر تین فٹ سے زائد برف جمع ہوئی ہے اور برف صاف کرنے کا کام زور و شور سے جاری ہے اور اس سڑک کو جلد از جلد کھولنے کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔حکام کے مطابق تمام شاہرائوں کو قابل آمد رفت بنانے کیلئے ہنگامی نوعیت پر کام جاری ہے اور جلد ہی ان کا قابل آمد رفت بنا کر کھول دیا جائے گا تاکہ لوگوں کو راحت نصیب ہو سکے ۔ حکام نے بتایا کہ سنتھن اور مرگن ٹاپ پر کم از کم دو فٹ تازہ برف باری ہوئی ہے جس کی وجہ سے دونوں شاہرائوں کے فوری کھلنے کے امکانات معدوم ہوگئے ہیں۔