ایم ایم پرویز
رام بن//رام بن پولیس کے سائبر سیل نے بدھ کے روز 26000روپے کی رقم کی وصولی کے ذریعے ایک آن لائن مالی فراڈ کو حل کیا۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ شازیہ اللہ بیٹی محمد اشرف سکنہ دلواہ گول رام بن کی طرف سے شکایت موصول ہوئی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ اسے ایک نامعلوم شخص کی جانب سے “ٹیلی گرام، ایپ” پر ایک لنک موصول ہوا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ وہ دو گھنٹے کے اندر اس کی رقم ڈبل کر دیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ شازیہ جعلساز کے جال میں آ گئی اور 26000 روپے کی رقم فراڈ کرنے والے کے اکاؤنٹ میں منتقل کر دی۔ بعد میں اسے معلوم ہوا کہ یہ ایک فراڈ تھا۔تفتیش کے دوران رام بن پولیس کے سائبر سیل نے تیزی سے کام کیا اور بھرپور کوششوں کا مظاہرہ کیا جس نے بالآخر 26000 روپے کی رقم برآمد کر لی جو آن لائن گھوٹالوں کے ذریعے ہڑپ کی گئی تھی۔ایس ایس پی رام بن انوج کمار نے عام لوگوں سے اپنی اپیل میں اس بات کا اعادہ کیا کہ وہ اضافی چوکس رہیں اور کسی بھی مشتبہ آن لائن سرگرمیوں کی اطلاع نیشنل سائبر کرائم ہیلپ لائن نمبر: 1930 پر دیں یا www.cybercrime.gov.in پر آن لائن سائبر شکایات درج کریں۔