محمد تسکین+غلام نبی رینہ
بانہال+کنگن// جموں سرینگر شاہراہ پر رام بن کے قریب ایک مہندرا لوڈ کیرئر دریائے چناب میں گر نے کے ایک دلدوز حادثے میں باپ بیٹے سمیت تین افراد کی ہلاکت ہوئی۔مہلوکین میں فوجی اہلکار اور ایک 11ویں جماعت کا طالب علم شامل ہے۔ادھر لداخ میں ٹرک کو پیش آئے حادثہ میں گاندربل کے ڈرائیور اور کنڈیکٹر لقمہ اجل بن گئے۔
رام بن
پولیس نے بتایا کہ مہندرا لوڈ کیریر نمبر 9605 JK19/ ادہمپور سے واپس رام بن کی طرف آنے کے دوران رام بن کے مہاڑ اور کیفٹیریا موڑ کے درمیان سڑک سے لڑھک کر دریائے چناب میں جاگرا۔حادثہ کے فوراً بعدرام بن پولیس ، ایس ڈی آر ایف اور کیو آر ٹی کے رضاکاروںنے بچاؤ کارروائیوں کا آغاز کیا لیکن شام دیر گئے تک کسی کا کوئی پتہ نہیں چل سکا ۔ ایس ایچ او نعیم الحق نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ لوڈ کیریئر ادھمپور سے رام بن کی طرف آنے کے دوران جمعہ کی سہ پہردریائے چناب میں جا گرا اور خدشہ ہے کہ گاڑی میں سوار افراد دریائے چناب کے تیز بہاؤ میں بہہ گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حادثہ کے شکار افراد کا کوئی اتہ پتہ نہیں چل سکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچاؤ کارروائیوں میں شامل ٹیموں کو دریائے چناب کے کنارے سے دو موبائل فون اور گاڑی میں سوار بھارت سنگھ نامی ایک شخص کا ڈرائیونگ لائسنس ملا اوراس سے پولیس کو معلوم ہوا ہے کہ گاڑی میں تین مقامی افراد سفر کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ لاپتہ افراد کی شناخت52سالہ بھارت سنگھ ولد تیج رام ساکن تیلی ماجرا سیری رام بن ، اس کا 30 سالہ فوجی بیٹا وکرم سنگھ اور گیارہویں جماعت کے طالب علم 17سالہ روہت کٹوچ ولد سرجیت سنگھ کٹوچ ساکن گلی باس رام بن کے طور پر ہوئی ہے۔ادھرجمعرات کی شام جموں سے سرینگر جانے والا تیل ٹینکر اولڈ ہائی وے پر چار چنار بانہال کے نزدیک لڑھک گیا جس کے بعد ٹینکر سے پیٹرول آہستہ آہستہ خارج ہوتا گیا۔ اس ھگادثہ میں ٹینکر ڈرائیور جگوندر سنگھ ولد ایچھپال سنگھ ساکن ہندوارہ زخمی ہوا۔بعد میں ٹینکر میں آگ لگی اور وہ خاکستر ہوا۔
کنگن
لیہہ لداخ کے نیمو بزگو میں سڑک کے ایک دلدوز حادثے میں دو افراد لقمہ اجل بن گئے۔ پولیس کے مطابق سونہ مرگ سے لیہہ کی طرف آرہا سبزیوںسے بھرا ٹرک زیر نمبر 5004/JK03Dکو نیمو بزگو کے مقام پر سہ پہر 4بجے ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوکر سڑک سے لڑھک گیاجس کی وجہ سے گاڑی کا کنڈیکٹر اور مالک 50سالہ ظہور احمد وانی ساکن ینگورہ گاندربل موقع پر ہلاک ہوگیا جبکہ ڈرائیور شہنواز احمد صوفی ساکن سالورہ شدید طور پر زخمی ہوگیا جو ہسپتال لیجانے کے دوران زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھا۔ ایس ایچ او لیہہ تسونگ دورجے نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ یہ واقعہ لیہہ سے 50 کلو میٹر دور نیمو بزگو میں پیش آیا ۔