محمد تسکین+اشتیاق ملک
رام بن+ڈوڈہ//سری نگر سے جموں کی طرف جانے والی امرناتھ یاتریوں کی ایکبس رام بن کے کیلا موڑ ٹنل کے اندر حادثے کا شکار ہو گئی۔ یاتری بس ٹنل کے اندر آئرن ریلنگ سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں دو یاتری زخمی ہو گئے۔ دونوں کو معمولی چوٹیں آئیں اور فوری طور پر ضلع اسپتال رام بن منتقل کر دیا گیا۔ادھر بانہال-قاضی گنڈ (نویوگ) ٹنل میں بھی ایک سڑک حادثہ پیش آیا ، جہاں ایک کار ٹنل کے اندر کام کر رہی کرین سے ٹکرا گئی۔ جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ تین دیگر زخمی ہو گئے۔جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت طارق احمد ولد عبد العزیز وانی ساکن کسکوٹ بانہال کے طور پر ہوئی ہے، جو محکمہ صحت کا ملازم تھا۔ زخمیوں کو سب ڈسٹرکٹ اسپتال بانہال منتقل کر دیا گیا ہے۔انتظامیہ نے حادثات کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ادھرڈوڈہ میں پیش آئے ایک اور سڑک حادثہ میں میاں بیوی زخمی ہوئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق ڈوڈہ بھاگواہ میں ایک بلیرو گاڑی زیر نمبر JK020A-4590تحصیل دفتر بھاگواہ کے نزدیک حادثہ کا شکار ہو کر سڑک سے 20فٹ نیچے جاگری جس کے نتیجے میں عاشہ دیوی (48) زوجہ مول سنگھ و مول انگھ(56)ولد نصیب سنگھ ساکنہ کاستی گڑھ زخمی ہوئے۔اس حادثہ کے فوراً بعد مقامی لوگ و پولیس کی ٹیم موقع پر پہنچی اور زخمیوں کو گورنمنٹ میڈیکل کالج ڈوڈہ منتقل کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ آج صبح ضلع صدر مقام ڈوڈہ سے تقریباً 20کلومیٹر کی دوری پر واقع پونڈا بھرت میں پیش آئے دلدوز سڑک حادثہ میں ایک خاتون سمیت 5 افراد جاں بحق و 17 دیگر زخمی ہوئے ہیں۔
بھرت پونڈہ حادثہ پرجتندرسنگھ،آزاد،بخاری و سروڑی کا اظہار افسوس
اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع کے بھرت پونڈہ میں پیش آئے المناک سڑک حادثہ پر مرکزی وزیر ڈاکٹر جتندرا سنگھ و سابق وزیر اعلیٰ غلام نبی آزاد ،سید محمد الطاف بخاری اور غلام محمد سروڑی سمیت متعدد سیاسی و سماجی شخصیات نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے غمزدہ خاندان کے ساتھ تعزیت کی ہے۔مرکزی وزیر ڈاکٹر جتندرا سنگھ نے ڈوڈہ حادثہ میں جاں بحق ہوئے افراد پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے غمزدہ خاندان کے ساتھ تعزیت کی ہے اور زخمیوں کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی انتظامیہ کو ہدایت دی ہے۔اپنے ایک تعزیتی پیغام میں وزیر موصوف نے کہا کہ وہ مقامی ضلع انتظامیہ کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں، ڈوڈہ کے ڈپٹی کمشنر ہرویندر سنگھ سے ابھی بات ہوئی، ڈپٹی کمشنر ذاتی طور پر پورے عمل کی نگرانی کر رہے ہیں اور مجھے باقاعدگی سے جانکاری دے رہے ہیں،ضرورت پڑنے پر مزید امداد بھی فراہم کی جائے گی.میں مرنے والوں کے لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔سابق وزیر اعلیٰ غلام نبی آزاد نےحادثہ پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متاثرین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔تعزیتی پیغام میں انہوں نے لکھا “بھرت ڈوڈہ میں المناک سڑک حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع اورمتعدد افرادکے زخمی ہونے پر دل کی گہرائیوں سے دکھ ہوا۔سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہوں.انتظامیہ سے فوری امداد اور طبی امداد فراہم کرنے کی اپیل کرتا ہوں”۔ اپنی پارٹی کے صدر سید محمد الطاف بخاری نے حادثے میں انسانی جانوں کے ضیاع پر اپنے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔اپنی پارٹی کے صدر نے کہا کہ “میں ڈوڈہ کے پونڈہ علاقے میں ایک سڑک حادثے میں قیمتی جانوں کی موت پر گہرے رنج و غم میں مبتلا ہوں، اس حادثے میں 17افراد زخمی ہوئے ہیں، جن میں سے کچھ کی حالت تشویشناک ہے، یہ انتہائی افسوسناک اور افسوسناک واقعہ ہے، کوئی بھی لفظ اس حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کے غم میں برابر کے شریک نہیں ہو سکتا،اللہ پسماندگان کو صبر جمیل عطافرمائے”۔انہوں نے مزید کہا، “میرے خیالات اور دعائیں ان لوگوں کے ساتھ ہیں جو زخمی ہوئے ہیں، ان کی جلد اور مکمل صحتیابی کی خواہش کرتے ہیں”۔ادھر سابق وزیر و سینئر کانگریس رہنما غلام محمد سروڑی نے ضلع ڈوڈہ کے بھرت علاقے میں پیش آئے ایک المناک سڑک حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے، جس کے نتیجے میں چھ افراد جاں بحق جبکہ گیارہ دیگر زخمی ہوئے۔ سروڑی نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کی مغفرت اور پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کی خواہش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ یہ حادثہ انتہائی افسوسناک اور تکلیف دہ ہے، جس نے ہر دردمند دل کو مضطرب کر دیا ہے۔غلام محمد سروڑی نے حکومت جموں و کشمیر سے مطالبہ کیا کہ اس سانحہ میں جان بحق ہونے والے افراد کے اہل خانہ کو فی کس دس لاکھ روپے ایکس گریشیا مالی امداد فراہم کی جائے تاکہ وہ اس دکھ کی گھڑی میں کچھ سہارا پا سکیں۔وہیں سابق وزراء عبدالمجيد وانی ،سجاد احمد کچلو، خالد نجیب سہروردی، اراکین قانون سازیہ محراج ملک، شکتی پریہار، دلیپ سنگھ پریہار ،ایڈووکیٹ نریش گپتا، آصف جہاں گتو نے بھی اس سانحہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین کے ساتھ تعزیت کی ہے۔