عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہانے رام بن اور اننت ناگ اضلاع کے ہسپتالوں کے لئے ایمبولینسوں کے ایک بیڑے کو ہری جھنڈی دِکھا کر روانہ کیا۔نیشنل ہائی ویز اتھارٹی آف اِنڈیا (این ایچ اے آئی) کی طرف سے قاضی گنڈ ایکسپریس وے پرائیویٹ لمیٹڈ کے ذریعے قاضی گنڈ، بانہال، رام بن، بٹوت اور گول کے ہسپتالوں کے لئے کارپوریٹ سوشل ریسپانسبلیٹی (سی ایس آر) کے تحت کل پانچ ایمبولینسیں عطیہ کی گئیں ۔ ان ایمبولینسوں کی فراہمی سے ایمرجنسی طبی خدمات کو تقویت ملے گی اور عوام کو بروقت طبی اِمداد دستیاب ہوگی۔لیفٹیننٹ گورنرنے نیشنل ہائی ویز اَتھارٹی آف اِنڈیا (این ایچ اے آئی) اورمیسرز قاضی گنڈ ایکسپریس وے پرائیویٹ لمیٹڈکے اِس فلاحی و نیک اقدام کے لئے سراہنا کی اور اسے انسانیت کی خدمت قرار دیا۔انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر رام بن سے یہ بھی کہا کہ وہ ضلع کے دُور دراز علاقوں کے لئے’’ ہسپتال آن وہیلز‘‘ “منصوبے کے امکانات کا جائزہ لیں تاکہ سب کو مساوی اور معیاری طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔اس موقعہ پرلیفٹیننٹ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری اور چیف ایگزیکٹیو آفیسر امرناتھ شرائین بورڈ ڈاکٹر مندیپ کے بھنڈاری، ضلع ترقیاتی کمشنر رام بن محمد الیاس خان،ریجنل آفیسراین ایچ اے آئی جموں و کشمیر آر ایس یادو، این ایچ اے آئی کے سینئر اَفسران اورمیسرز قاضی گنڈ ایکسپریس وے پرائیویٹ لمیٹڈ کے نمائندگان راج بھون میں موجود تھے۔