سرینگر// رام باغ پائین اور ابو بکر کالونی میں ناقص ڈرنیج سسٹم کے نتیجے میں مقامی آبادی گونا گوں مشکلات کا سامنا ہے ۔علاقہ کے لوگوںنے بتایا کہ معمولی بارشوں کے دوران یہاں گھروں سے باہر قدم رکھنا ناممکن بن جاتا ہے ۔ رام باغ پائین اور اس کے نواحی علاقوں کے باشندگان نے بتایا کہ علاقہ میں ناقص ڈرنیج سسٹم کی وجہ سے انہیں طرح طرح کے مشکلات کا سامنا ہے ۔ان کا کہناتھا کہ رہائشی مکانوں سے نکلنے والا گندہ پانی گلی کوچے میں جمع ہوجاتا ہے ،جسکی وجہ سے لوگوں کو عبور ومرور میں کافی مشکلات درپیش ہیں ۔ان کا کہناتھا کہ گندے پانی کی نکاسی کیلئے علاقے میں برسوں پہلے نالیوں کی تعمیر کی گئی ،لیکن اب وہ انتہائی خستہ ہوچکی ہیں اور گندے پانی کی نکاسی نہ ہونے کی وجہ سے گرمیوں میں یہاں عفویت بھی پھیل جاتی ہے جس کی وجہ سے ان کا جینا مشکل بن جاتا ہے ۔انہوں مزید بتایا کہ علاقہ میں لوگوں کوپانی کی عدم دستیابی کا بھی سامنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگرچہ کئی بار یہ معاملہ متعلقہ حکام کی نوٹس میں لایا گیا ،لیکن ابھی عوامی مشکلات کا ازالہ ممکن نہ ہوسکا ۔لوگوں نے رام باغ پائین میں فوری طور پر ڈرینج سسٹم کی بحالی اور متواتر بنیادوں پر پانی کی سپلائی بحال کرنے کی اپیل کی ہے ۔ ابو بکر کالونی نٹی پورہ کے لوگوں نے بھی اسی طرح کی شکایت کرتے ہوئے کہا کہ کالونی میں گندے پانی کی نکاسی کیلئے کوئی بھی خاطر خواہ نظام نہیں ہے اور معمولی بارشوں کی وجہ سے پورا علاقہ پانی میں ڈوب جاتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ نکاس آب کیلئے سرکار نے کوئی بھی خاطر خواہ انتظام نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ مقامی آبادی نے کئی بار ارباب اقتدار کے دروازوں پر دستک بھی دی تاہم آج تک یقین دہانیوں کے سوا کچھ نہیں ملا۔