محمد تسکین
بانہال// سب ڈویژن اور تحصیل رامسو میں ایس ڈی ایم کی اسامی پچھلے ایک مہینے سے خالی ہے جبکہ تحصیلدار رامسو کی پوسٹ پچھلے تین سال سے خالی ہے اور رامسو کا چارج تحصیلدار اُکڑال پوگل پرستان کے پاس ہے ۔ تحصیلدار رامسو کی پچھلے تین سال سے خالی اسامی کی وجہ سے تحصیل رامسو کے ہزاروں لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ تحصیلدار کو تعینات کرنے میں تاخیر کو لیکر پنتھرس پارٹی انڈیا سراپا احتجاج ہے اور وہ اسے رامسو کے ساتھ سوتیلی ماں کے سلوک سے تعبیر کرتے ہیں ۔ پنتھرس پارٹی انڈیا کے ضلح صدر رام بن افتیاز سوہل نے ایک کہا کہ بہت ہی افسوس کی بات ہے کہ رامسو کی عوام کے ساتھ ہمیشہ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تین برسوں سے تحصیلدار کی خالی اسامی سے رامسو کے ہزاروں لوگوں کو اپنے بچوں کو سکول میں داخلہ دلانے کیلئے تاریخ پیدائش سرٹیفکیٹ ، انکم ، آر بی اے ، سرٹیفیکیٹ اور پردھان منتری اواس پلس سکیم کے تحت مکان حاصل کرنے کیلئے انکم سرٹیفکیٹ اور دیگر کاغذی لوازمات تیار کرنے میں تاخیر اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ افتیاز سوہل نے کہا کہ تحصیلدار پوگل پرستاں کو اگرچہ اضافی چارج دیا گیا ہے لیکن تحصیل اُکڑال پوگل پرستان علاقہ رامسو سے بہت دور ہے اور لوگوں کے روزمرہ کے معاملات حل ہونے دشواریوں کا سامنا ہے ۔پنتھرس انڈیا کے ضلع صدر نے مزید کہا کہ رامسو کو تحصیلدار کے علاوہ SDM کی اسامی بھی خالی ہے اور یہاں کے لوگوں کی آواز سننے والا کوئی نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ رامسو کے لوگوں کو آج بھی آدھار کارڈ وغیر ہ تحصیل پوگل پرستاں سے بنتے ہیں جو عوام کے ساتھ بڑا مذاق ہے ۔ انہوں نےیوٹی سرکار اور گورنر انتظامیہ سے اپیل کی کہ تحصیلدار رامسو اور ایس ڈی ایم رامسو کی تعیناتی بلا تاخیر عمل میں لائی جائے ورنہ پنتھرس پارٹی انڈیا سڑکوں پر اتر کر احتجاج کرنے پر مجبور ہوگی ۔