محمد تسکین
بانہال // زیر تعمیر جموں سرینگر فورلین شاہراہ پر ضلع رام بن کے رامسو علاقے میں ایک پْل کی تعمیر کے سلسلے میں بنائے جارہے ایک ستون (پلر) سے گرجانے کیوجہ سے ایک مزدور کی موت واقع ہوئی ہے۔ پولیس نے بتایا کہ زخمی ورکر کو فوری طور پر سب ڈویژن ہسپتال رامبن منتقل کیا گیا جہاں پر موجود ڈاکٹروں نے اُسے مردہ قرار دیا۔ پولیس نے مہلوک کی شناخت 26 سالہ محمد اسرائیل ولد محمد اسماعیل سکنہ بیگوسرائے ریاست بہار کے طور پر کی ہے۔لقمہ اجل بنے مزدورکیساتھ فورلین پروجیکٹ کے پْل پر کام کرنے والے اس کے ساتھیوں نے الزام لگایا کہ رامسو علاقے میںجاری کام کیلئے CEIGALL India Ltd نامی کمپنی نے پل کے ستونوں کی تعمیر کے دوران حفاظتی اقدامات نا کے برابر رکھے ہیں اور لوہے کا سرہا باندھنے کے دوران محمد اسرائیل نیچے گر گیا۔ انہوں نے کہا کہ زیر تعمیر پل کی نگرانی کیلئے کوئی بھی انجینئر یا سیفٹی اہلکار موقع پر موجود نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ کمپنی کی مبینہ لاپرواہی اور نااہلی کیوجہ سے مزدور کی موت واقع ہوئی ہے اور کمپنی کے خلاف کیس درج کیا جائے۔ مہلوک مزدور کے ساتھی مطالبہ کر رہے ہیںکہ لقمہ اجل بنے مزدور کے حق میں کمپنی کی طرف سے لیبر قوانین کے مطابق معاوضہ اور دیگر فوائد دیئے جائیں اور مہلوک کی لاش کو بہار میں اپنے گھر تک پہنچانے کیلئے ٹرانسپورٹ کا انتظام کیا جائے۔ لاش کو قانونی لوازمات کیلئے بانہال ہسپتال میں رکھا گیا ہے اور پولیس نے معاملے کی نسبت سے تحقیقات شروع کر دی ہیں اور کمپنی کی لاپرواہی کے واقع کی جانچ کی جا رہی ہے۔