بانہال//وادئ کشمیر کو بیرون دنیا سے جوڑنے والی تین سو کلو میٹر طویل سری نگر جموں شاہراہ پیر کو مسلسل چھٹے روز بھی گاڑیوں کی آمدورفت کے لئے بند رہی۔ قریب 1000 گاڑیوں کو اتوار کی صبح جموں سے کشمیر کی طرف جانے کی اجازت دی گئی تھی، میں سوار ہزاروں مسافر شاہراہ کے مختلف مقامات پر پھنسے ہوئے ہیں اور سینکڑوں مسافروں نے کھلے آسمان تلے رات گذاری۔ جموں ، ادہم پور، نگروٹہ اورمنوال میں کئی ہزار ٹرک درماندہ ہیں جن میں مال لدھا ہوا ہے۔سوموار کو رام بن اور رامسو کے علاقوں میں تازہ پسیوں کے گر آنے کی وجہ سے شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت چھٹے روز ٹھپ رہی اور سینکڑوں مال اور مسافر گاڑیاں رام بن اور ادہمپور کے درمیان درماندہ ہوکر رہ گئی ہیں۔ ٹریفک پولیس نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ پنتھیال کے بعد رامسو اور بعد میں رام بن کے مہاڑ علاقے میں دو بڑی پہاڑیوں سے مٹی کاملبہ چٹانوں سمیت سڑک پر گر آیااور شاہراہ پر درماندہ پڑے ٹریفک کو بحال کرنے کی تمام امیدیں خاک میں مل گئیں۔ انہوں نے کہا کہ رام بن ، چندرکوٹ اور پیڑاہ کے مقام پر سینکڑوں مسافر گاڑیاں بدستور درماندہ ہیں اور سینکڑوں مسافروں نے اس سیکٹر میںدو دنوں میں کئی کلومیٹر پیدل سفر طے کرکے اپنی منزلوں کا سفر جاری رکھا۔ انہوں نے کہا کہ شاہراہ کی بحالی کا کام منگل کو بھی مشکل دکھائی دے رہا ہے۔ سوموار کو دوسرے دن ہزاروں مسافروں نے رام بن ، چندرکوٹ اور پیڑاہ میں مسافر گاڑیوں کو چھوڑ کر رامسو تک پندرہ سے بیس کلومیٹر کا پیدل سفر طے کرکے اپنی اپنی منزلوں کا رخ کیا ۔سوموار کو پنتھیال کے مقام پر پتھروں کے گر نے کا سلسلہ تھم گیا اور شاہراہ کو صاف کرکے پیدل مسافروں کو نالہ بشلڑی کے پْر خطر پْل اور دریا کے کنارے اور بیچ میں سے کئے جانے والے سفر سے نجات ملی۔ حکام نے دوپہر بعد پیدل مسافروں کو پنتھیال پسی کے بیچ سے ہی چلنے کی اجازت دی۔ اتوار اورسوموار کو سیری ، رام بن اور چندرکوٹ میں مقامی لوگوں اور انتظامیہ نے درماندہ مسافروں کیلئے لنگروں کا اہتمام کیا اورگذشتہ رات ہزاروں درماندہ پڑے مسافروں میں سے کئی سو مسافروں کو ضلع انتظامیہ، پولیس، رضا کاروں اور فوج کی طرف سے سیری کے ناقابل استعمال ڈاک بنگلہ سمیت کئی مقامات پر ٹھہرانے کیلئے عارضی انتظامات کئے جبکہ مگرکوٹ اور پنتھیال کے مقامی لوگوں نے کمال جرات اور انسانیت کا مظاہرہ کرکے مسافروں کو نالہ بشلڑی کے بیچ سے اور مگرکوٹ اور سربگھنی کے پہاڑوں کے راستے اپنی اپنی منزلوں کی طرف پہنچانے میں رضاکارانہ طور مدد کی ۔ رامسو پولیس سٹیشن کے نزدیک ایک پہاڑی سے صبح چار بجے گر آئی پسی کی وجہ سے ایاض احمد سوہل نامی پولیس اہلکارکے رہائشی مکان کو نقصان پہنچا ہے تاہم مکان کے سات مکینوں کو پہلے ہی بحفاظت نکالا گیا تھا ۔