بانہال // جموں سرینگر شاہراہ پر واقع ضلع رام بن کے رامسو اور مگرکوٹ کے علاقوں میں لوگوں نے محکمہ بجلی کی ناقص کارکردگی ، غیر اعلانیہ کٹوتی اور تین روز تحصیل اکڑال کے بیشتر علاقوں میں بجلی بند رہنے کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے اور شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت ایک گھنٹے سے زائد عرصے کیلئے بند کردی۔ شاہراہ پر واقع رامسو میں لوگوں نے میر واعظ کوہستان مولانا عطا محمد کٹوچ کی کال پر نماز جمعہ کے بعد جامع مسجد سے جلوس کی صورت میں احتجاجی مظاہرے کئے اور بازار میں پہنچ کر مقامی د وکاندار اور لوگ اس جلوس میں شامل ہوئے۔ لوگ محکمہ بجلی کے خلاف جم کر نعرے بازی کر رہے تھے ۔ اس موقع پر لوگوں نے زبردست احتجاج کیا اور شاہراہ پر گاڑیوں کی دو طرفہ ٓامدورفت ایک گھنٹے سے زائد عرصے تک کیلئے روک دی۔ لوگوں کا الزام ہے کہ محکمہ بجلی کے حکام بجلی بند رکھکر رامسو ، مگر کوٹ ، اکڑال اور پوگل پرستان کے علاقوں میں صارفین بجلی کو سخت مشکلات میں ڈالے رکھا ہے اور اس کی سب سے بڑی سزا ان سکولی بچوں کو بھگتنا پر رہی ہے جن کے امتحانات چل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کی آنکھ مچولی اور بجلی کے بند رہنے کا عمل ماہانہ بجلی فیس ادا کرنے والے صارفین بجلی کے جیبوں پر بھاری پڑ رہے ہیں کیونکہ سب ڈویژن رامسو کے علاقوں میں بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی اور کئی روز تک بجلی تسلسل کے ساتھ بند رہتی ہے اور شام اور صبح کے وقت لوگوں کو گھپ اندھیروں میں ہی رہنا پڑتا ہے۔ محکمہ بجلی کی ناقص کارکردگی کے خلاف شاہراہ پر واقع مگر کوٹ کے مقام لوگوں نے ایک احتجاجی مظاہرہ کیا جس کی قیادت جموں وکشمیر پنتھر پارٹی کے ریاستی سیکریٹری سیوا سنگھ بالی اور ینگ پنتھرس کے ضلع جرنل سیکریٹری افتیاز احمد سوہل کر رہے تھے۔ اس موقع پر لوگوں نے شاہراہ پر محکمہ بجلی کی عدم توجہی کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرے کئے اور محکمہ بجلی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا یا۔ مقررین نے کہا کہ محکمہ بجلی کے ملازمین اور انجینئروں کی اپنے فرض کے تئیں برتی جانے والی غفلت کی وجہ سے تحصیلاکڑال ، پوگل پرستان کے درجنوں دیہات کئی کئی روز تک بجلی سے محروم رہتے ہیں اور محکمہ کی لاپرواہی کا عالم یہ کہ تین روز سے موسم کے ابر رہنے کے بعد سے بجلی بند ہے۔