کپوارہ//اشرف چراغ //رامحال کے کلی پورہ ویلگام علاقے میں ایک سرکاری مڈل سکول کی دو منزلہ عمارت آ گ کی پر اسرار واردات میں خاکستر ہوگئی۔ اتوار اور پیر کی درمیانی رات کو رامحال کے ویلگام تعلیمی زون میںقائم سرکاری مڈل سکول کلی پورہ کی عمارت میں آ گ نمودار ہوئی اور اس نے فوری طور پر عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور آگ کے شعلے دور دور تک دکھائی دے رہے تھے ۔عینی شاہدین کے مطابق مقامی لوگو ں کی ایک بڑی تعداد نے سکول عمارت میں سرکاری ریکارڈ بچانے کی سخت کوشش کی لیکن سکول عمارت میں بھیانک آگ پر وہ قابو نہ پاسکے جبکہ فائر سروس ٹینڈر بھی جائے واردات پر پہنچ گئے اور بچائو کاروائی شروع کی ۔سکولی عمارت مکمل طور خاکستر ہوئی اور سکول میں موجود سارا ریکارڈراکھ میں تبدیل ہو گیا ۔مقامی لوگو ں نے بتا یا کہ چار کمرو ں پر مشتمل اس سکولی عمارت کے متصل ایک چھو ٹا سا کمرہ ہے جس میں کمپیوٹر وغیرہ رکھے گئے ہیں اور اس کمرے کا دروازہ تو ڑ دیا گیا تھا اور وہا ں پر معمولی چیزیں بھی اڑا لی گئی ہیں جس سے اخذ کیا جارہا ہے کہ آگ جان بوجھ کر لگا دی گئی ہے ۔مقامی لوگو ں نے اس واقعہ کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ۔اس حوالہ سے انچارج زونل ایجو کیشن آ فیسر ویلگام عالم دین نے کشمیر عظمیٰ کو بتا یا کہ آگ لگنے کی وجوہات کا پتہ لگایا جارہا ہے ۔چیف ایجو کیشن آ فیسر کپوارہ محمد شفیع ڈار کا کہنا ہے کہ محکمہ نے ایک کیس درج کیا ہے اور اس کی تحقیقات عمل میں لائے جائے گی ۔انہو ں نے بتا یا کہ اہم ریکارڈ کو بچایا گیا ۔