ایس ایس پی رام بن کی عوام کی جانب سے اجاگر کئے گئےمعاملات حل کرنے کی یقین دہانی
محمد تسکین
بانہال // پولیس اور عوام کے درمیان بہتر تعلقات قائم کرنے اور عوامی اعتماد کو مزید مضبوط بنانے کی جاری مہم کے تحت ضلع پولیس رام بن نے پولیس سٹیشن بانہال میں عوامی رابطہ پروگرام، پی سی پی جی میٹنگ، تھانہ دیوس اور پبلک دربار کا اہتمام کیا۔یہ پروگرام بھارت کے مرد آہن سردار ولبھ بھائی پٹیل کی 150ویں سالگرہ اور راشٹریہ ایکتا دیوس کے موقع پر منایا گیا۔ پروگرام کا آغاز سردار پٹیل کو خراجِ عقیدت پیش کرنے سے ہوا، جس کے بعد مقررین نے قومی اتحاد، سالمیت اور اجتماعی ذمہ داری کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔اس تقریب میں عام لوگوں ، سیاسی ، سماجی اور دینی شخصیات کے علاؤہ انتظامیہ اور پولیس کے افسروں نے شرکت کی ۔ آدھ درجن سے زائد شرکاء نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے مختلف عوامی مسائل اجاگر کئے جن میں منشیات کی روک تھام، ٹریفک نظم و ضبط، سائبر جرائم، نوجوانوں کو کھیلوں کی طرف راغب کرنے اور امن و امان قائم رکھنے میں ایس پی اوز کی بھرتی پر بات کی گئی ۔اس موقع پر ایس ایس پی رام بن ارون گپتا نے عوام سے خطاب کرتے ہوئے یقین دلایا کہ پولیس محکمے کی اولین ترجیح عوامی مسائل کا حل ہے اور اس کے لیے ایک منظم ایکشن پلان پر کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اور عوام کے درمیان تعاون ہی معاشرتی برائیوں کے خاتمے اور ایک پرامن معاشرے کے قیام کی بنیاد فراہم کرتا ہے۔پروگرام کا مقصد عوامی بیداری کو فروغ دینا، مقامی مسائل پر مکالمہ بڑھانا اور پولیس و عوام کے درمیان اعتماد و ربط کو مضبوط کرنا تھا۔ تقریب کا اختتام سردار ولبھ بھائی پٹیل کے نظریات کے مطابق اتحاد، سالمیت اور ہم آہنگی کے عزم کے ساتھ کیا گیا۔
 
								 
			 
		 
		 
		 
		 
		 
		 
		