سرینگر// نیشنل کانفرنس خواتین ونگ کی ریاستی صدر شمیمہ فردوس نے راشن گھاٹوں پر غیر معیاری چاول کی سپلائی پر زبردست برہمی اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے فوری اقدامات کرنے کی اپیل کی ہے۔ایک بیان کے مطابق اولڈ فتح کدل، لال دین مسجد، بابا پورہ اور دیگر متعدد علاقوں کی خواتین نے سنیچروار کوشمیمہ فردوس کیساتھ ملاقات کی اور انہیں اپنے علاقوں کے مسائل سے آگاہ کیا۔ وفود نے بجلی اور پینے کے پانی کی قلت کے علاوہ دیگر بنیادی ضروریات کی عدم فراہمی کے مسائل اُجاگر کئے۔ وفود نے کہا کہ راشن گھاٹ خالی پڑے تھے اور اب جبکہ راشن کی سپلائی لائی گئی ہے وہ غیر معیاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ راشن گھاٹوں پر جو چاول لایا گیا ہے ،اُسے دیکھنے سے ہی پتہ چلتا ہے کہ یہ برسوں پرانا ہے ، جس کارنگ کالا پڑ گیا ہے اور بوسیدہ ہوگیا ہے۔ اس کے علاوہ گھاٹوں پر بائیو میٹرک مشین خراب ہونے کی وجہ سے بھی صارفین کو راشن کی سپلائی نہیں ہوپارہی ہے۔ شمیمہ فردوس نے اس سلسلے میں ڈائریکٹر امور صارفین و عوامی تقسیم کاری کیساتھ رابطہ کرکے صارفین کے مذکورہ مسائل کی جانکاری دی۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ جہاں جہاں سے غیر معیاری چاول کی شکایت آرہی ہیں ،وہاں نئی سپلائی بھیجی جائیگی اور ساتھ بائیو میٹرک مشینوں کو کارآمد بنایا جائیگا۔