جموں//وزیر برائے خوراک، شہری رسدات اور امورصارفین و اطلاعات چوہدری ذوالفقا رعلی نے کہا ہے کہ حکومت ریاستی عوام کو صاف و شفاف طریقے سے راشن کی بروقت سپلائی کو یقینی بنانے کے لئے متعدد اقدامات اُٹھارہی ہے۔وزیر نے اس بات کا اظہار محکمہ کے اعلیٰ افسران کی طلب کردہ جائیزہ میٹنگ کے دوران کیا جس میں محکمہ کے کمشنر سیکرٹری، ڈائریکٹر، جوائنٹ ڈائریکٹر، ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ، اسسٹنٹ ڈائریکٹرس، ٹی ایس اوز اور محکمہ کے دیگر اہلکار موجود تھے۔وزیر نے جموں خطہ میں غذائی اجناس کی سپلائی پوزیشن کا ضلع وار جائیزہ لیا۔ انہیں مطلع کیا گیا کہ جموں خطے کے تمام اضلاع کے لئے غذائی اجناس معقول مقدار میں بھیجی گئی ہیں۔ انہیں خطہ کے ضلع وار راشن کی ضروریات کے بارے میں تفصیل دی گئی۔وزیر نے محکمہ کے اہلکاروں کو صارفین کے لئے تمام اشیاء ضروریہ مقررہ مقدار اور وقت پر دستیاب رکھنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے مالی نظم و ضبط کے قیام کو یقینی بنانے اورتمام اندراجات کے مناسب رکھ رکھاؤ پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں کسی بھی کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور قصوروار ملازمین کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔وزیر نے افسروں پر زور دیا کہ وہ راشن کارڈ ہولڈروں کی آدھار سیڈنگ کے عمل کو فور ی طور مکمل کریں تا کہ راشن کی فراہمی میں شفافیت اور جوابدہی کو یقینی بنایا جاسکے اور جعلی راشن کارڈوں کی بدعت پر بھی قابو پایا جاسکے۔وزیر نے نئے راشن کارڈوں کی تقسیم کاری کے عمل کا بھی جائیزہ لیا اور متعلقہ افسران کو باقی ماندہ راشن کارڈ صارفین میں بروقت تقسیم کرنے کی ہدایت دی۔