راجوری//وزیر برائے خوراک ، شہری رسدات و امورصارفین چوہدری ذوالفقار علی کی طرف سے وعدہ ایفا نہ ہونے پر ڈیلروں نے راشن اٹھانے سے ہی انکارکردیاہے جس کی وجہ سے راجوری میں راشن ہوکر بھی صارفین تک نہیں پہنچ رہا۔راشن ڈیلروں کاکہناہے کہ وزیر موصوف نے ان کی دیرینہ مانگ پر اعلان کیاتھا کہ فی کؤنٹل 143روپے کیریج فراہم کئے جائیںگے تاہم چھ ماہ مکمل ہونے جارہے ہیں مگر اس پر عمل نہیں ہوا۔انہوںنے کہاکہ اب انہوںنے یہی فیصلہ لیاہے کہ راشن سٹور سے وہ راشن اٹھائیںگے ہی نہیں ۔ ضلع صدر ڈیلر ایسوسی ایشن وسیم احمد شاہ نے بتایا کہ وزیر موصوف نے فی کونٹل143روپے کیریج دینے کا اعلان کیا تھا تاہم چھ ماہ کے بعد آج جب ڈیلروں کو کیریج دیا گیا تووہ وہی 12.44پیسے کے حساب سے فراہم کیا گیا ۔ شہر میںفی کونٹل کیریج اس سے قبل25روپے ملتا تھا تاہم اس بار 10.44روپے کے حساب سے دیا گیا ہے۔ وسیم شاہ نے بتایا کہ تمام ڈیلروں نے بااتفاق رائے طے کیا ہے کہ جب تک 143روپے فی کونٹل کیریج نہیں دیا جائے گا تب تک راشن نہیں اٹھایا جائے گا ۔ جب اس ضمن میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر جاوید احمد سے بات ہوئی تو انہوںنے کہاکہ وہ کیریج کے متعلق کچھ بھی نہیں کہہ سکتے ، یہ ڈائریکٹر سطح کی بات ہے ۔ تحصیل سپلائی آفیسر عبدالمجید نے بتایا کہ ڈیلر خود راشن اٹھالیں گے ۔