شوکت حمید
سرینگر// قائد حزب اختلاف سنیل شرما نے نیشنل کانفرنس حکومت پر جھوٹے وعدوں کے ذریعے عوام کو دھوکہ دینے اور بڑے پیمانے پر بدعنوانی میں ملوث ہونے کا الزام لگاتے ہوئے اعلان کیا کہ بی جے پی انصاف اور جوابدہی کو یقینی بنانے کے لئے سی بی آئی انکوائری کا مطالبہ کرے گی۔اسمبلی سے کل واک آوٹ کرنے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا ’ عمر عبداللہ اور ان کی حکومت نے راشن، بجلی اور گیس سلنڈر دینے کا وعدہ کیا تھا، وہ دراصل کروڑوں کی کرپشن اور غریبوں کو نظر انداز کرنے کا تھا‘۔ شرما نے کہاکہ جموں و کشمیر کے لوگ راحت اور ترقی کا انتظار کرتے رہے، لیکن ایک ایسی حکومت نے انہیں دھوکہ دیا جس نے عوامی بہبود پر اپنے مفادات کو ترجیح دی۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ جن لوگوں نے عوامی رقوم کی لوٹ مار کی ان کا احتساب ہونا چاہیے ۔این سی دورحکومت کو نااہلی، بدعنوانی اور انتظامی ناکامی سے تعبیر کرتے ہوئے شرماکہا’ ہم انصاف، جوابدہی، اور ایسی حکومت کے لیے لڑتے رہیں گے جو حقیقی معنوں میں لوگوں کی خدمت کرے‘۔انہوں نے کہاکہ سیلاب کے باعث غریبوں کے گھر، کھیت، باغات، ڈھانچے اور مویشی تباہ ہو گئے،لوگ امیدیں لگائے بیٹھے تھے، مگربقول ان کے حکومت نے ابھی تک نقصانات کی تفصیلی رپورٹ مرکز کو پیش نہیں کی۔پوزیشن لیڈر نے مزید الزام عائد کیا کہ کروڑوں روپے کے ٹینڈرز قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کے ساتھ الاٹ کیے گئے ہیں اور اس سارے عمل میں کسی مخصوص شخص کو فائدہ پہنچانے کی نیت شامل ہے۔سنیل شرما نے عمر عبداللہ سے استعفے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا’ایک بڑا اسکینڈل بے نقاب ہوا ہے۔ کروڑوں روپے کے ٹینڈرز غیر قانونی طور پر الاٹ کیے گئے۔ سوال یہ ہے کہ یہ ٹینڈرز کس کے حلقے میں دیے گئے؟ کیا وہ وزیر عمرعبداللہ کے قریب ہیں؟ اگر کوئی شک ہے تو اس پورے معاملے کو سی بی آئی کے حوالے کیا جائے‘۔