محمد تسکین
بانہال// پیر کی دوپہر بعد ضلع رام بن کے راج گڑھ میں بادل پھٹنے کے بعد آئے سیلابی ریلوں میں کل ملا کر7افراد لاپتہ ہوئے ہیں اور ابھی تک2لاشوں کو ہی برآمد کیا جاسکا ہے۔اس واقعہ میں باغ دین گوجر کی اہلیہ نسیمہ بیگم ، ان کا بیٹا یاسر احمد اور بیٹی شازیہ کے علاوہ حاجی سجاد پریہار ساکنہ سولی کمیت کی اہلیہ 42سالہ گلشن بیگم ، ان کی 8سالہ بیٹی سیرت بانو اور12سالہ بیٹا خالد احمد بھی لاپتہ ہوئے تھے۔ اس کے علاوہ ایک مقامی لڑکی 6سالہ قاضیہ بانو دختر سجاد احمد ساکنہ ڈونگر ڈھنڈلہ کے بھی سیلابی ریلوں میں بہہ جانے کا خدشہ ہے۔ ریسکو ٹیموں نے ایک لاش کو پیر کی شام برآمد کیا تھا اور اس کی شناخت12سالہ خالد ولد حاجی سجاد پریہار ساکنہ سولی کمیت تحصیل راج گڑھ کے طور کی گئی تھی جبکہ منگل کی صبح بچائو ٹیموں نے 20سالہ یاسر احمد ولد باغ دین کی لاش کو بھی برآمد کیا۔تحصیلدار راج گڑھ میجر سنگھ نے فون پر بات کرتے ہوئے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ پولیس ، ایس ڈی آر ایف اور مقامی لوگ سیلابی ریلوں کی نذر ہوئے افراد کو ڈھونڈنے نکالنے کیلئے بچاؤ کاروائیوں میں لگے ہوئے ہیں اور اب تک لاپتہ ہوئے دو مردوں کی لاشوں کو برآمد کیا گیا ہے جبکہ باقیوں کی تلاش جاری ہے ۔