محمد تسکین
بانہال// ضلع رام بن کی تحصیل راج گڑھ اور تحصیل کھڑی کے علاقوں میں آگ کی دو الگ الگ اور ہولناک وارداتوں میں تین رہائشی مکانات تمام مال و اسباب سمیت مکمل طور سے خاکستر ہوئے ۔آگ کی پہلی وارادت منگل کی دوپہر بعد قریب ساڑھے تین بجے تحصیل راج گڑھ کے سترا ٹھاٹھا علاقے میں پیش آئی اور دیکھتے ہی دیکھتے ایک تین منزلہ اور ایک دو منزلہ رہائشی مکان راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوگئے اور ان کے گھروں سے کوئی سامان بچایا نہیں جا سکا ۔ اس واردات میں تین بھائیوں اور مالک مکان کا لاکھوں روپئے سامان خاکستر ہوگیا اور اور تن پر لگے کپڑوں کے سوا کوئی بھی چیز بچائی نہیں جا سکی ۔یہ الگ الگ رہائشی مکانات محمد امین گنائی اور جاوید اقبال گنائی ولد منگتا گنائی ساکنہ سترا ٹھاٹھا تحصیل راج گڑھ کے تھے اور محمد امین کے مکان میں عبدالرشید نامی شخص رہائش پذیر تھا ۔ آگ کی دوسری وارادت سب ڈویژن بانہال کی تحصیل کھڑی کے منجوس علاقے میں منگل کی شام پیش آئی جس میں عبد القیوم ولد عبد الغفار نائیک ساکنہ منجوس کھڑی کا دو منزلہ رہائشی مکان مکمل طور سے خاکستر ہوگیاجبکہ آگ نے گھر میں پڑے سامان زندگی ، راشن ، بستروں اور کپڑوں کو نگل لیا ۔