راج کوٹ// گجرات کے شہر راج کوٹ کے مالویہ نگر علاقے میں واقع ایک کووڈ اسپتال میں گذشتہ نصف شب خوفناک آتشزدگی میں پانچ افراد ہلاک اور 28 زخمی ہوگئے۔
تھانہ انچارج کے این بھوکان نے بتایا کہ آنند بنگلہ چوک کے قریب واقع تین منزلہ ادے شیوانند کووڈ سینٹر اسپتال کی پہلی منزل پر اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ اسپتال میں کل 33 مریض داخل تھے۔ واقعہ میں آئی سی یو میں داخل 11 مریضوں میں سے 5 کی موت ہوگئی ، جبکہ آئی سی یو کے دیگر 6 مریضوں سمیت 28 افراد جھلس گئے۔ جھلسے ہوئے افراد کو دوسرے اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے۔
فائر ڈیپارٹمنٹ کے اہلکاروں نے بتایا کہ فائر فائٹرز نے آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی چھ فائر بریگیڈ گاڑیوں کے ساتھ موقع پرپہنچ گئے۔ آگ بجھانے والے عملے نے آج صبح تقریبا چھ گھنٹے کی مشقت کے بعد آگ پر قابو پالیا۔ آگ لگنے کی وجوہات کا پتہ لگایا جا رہا ہے۔