جموں//راج بھون جموں کے صحن میں آج یوم خواتین کے سلسلے میں ایک تمدنی پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ ریاست کی خاتونِ اوّل اوشا ووہرا کی میز بانی میں اس تقریب میں خواتین ارکانِ قانونِ سازیہ، افسران اور سول و پولیس افسروں کی بیگمات نے شرکت کی۔دور درشن کیندر اور ریڈ یو کشمیر جموں کے زیر اہتمام منعقدہ اس پروگرام میں ریاستی اور دیگر فنکاروں نے موسیقی کے پروگرام پیش کئے جن میں ڈوگری، اردو کشمیری غزلوں کے علاوہ صوفی سنگیت اور پنجابی گیت بھی شامل تھے۔پروگرام کو ریڈیو کشمیر جموں کی سربراہ انجلی شرما نے ترتیب دیا تھا جبکہ دُور درشن کیندر جموں کی معروف براڈ کاسٹر مادھوی شرما نے پروگرام میں نظامت کے فرائض انجام دئیے۔جن فنکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا اُن میں دھرمیش نرگوترہ، سورن وِج ، جیون شرما، رما لو رام اور اُن کے ساتھی، پریادتہ اور ساتھی ، روی بھان اور سمن بھٹی قابلِ ذکر ہیں۔