سرینگر//گورنر این این ووہرا اور اوشا ووہرا کی طرف سے یہاں راج بھون میں ایک استقبالیہ کا اہتمام کرتے ہوئے 2017-18 کے سول سروسز میں کامیابی حاصل کرنے والے کئی نوجوان آئی اے ایس اور آئی پی ایس افسران سے ملاقات کی جو پہلے ہی وادی میں اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں ۔ استقبالیہ میں اس سال کامیاب ہونے والے اُمیدواروں میں جن لوگوں نے حصہ لیا اُن میں فضل الحسیب ، راہول بٹ ، ابھیشیک شرما ، اکشے لابرو ، عامر بشیر ، ششانک بھردواج اور وویک بھگت شامل تھے ۔ نوجوان آئی اے ایس اور آئی پی ایس افسران جو پہلے ہی ریاست میں اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں میں ڈاکٹر سید عابد رشید شاہ ، ڈاکٹر سید سہریش اصغر ، بلال محی الدین بٹ ، دائفودی ساگر دتاترے ، سنتوش گنونترو سکھادیوی ، امتیاز اسماعیل پرے اور مس پی ڈی نتیا شامل ہیں ۔ گورنر اور ریاست کی خاتونِ اول نے کامیاب آئی اے ایس افسروں کو اُن کی محنت و مشقت کیلئے اُن کو مبارکباد دی اور انہیں آل انڈیا اور سنٹرل سروسز میں داخل ہونے کی ستائش کی ۔ گورنر نے تمام نوجوان مرد اور خواتین افسران سے تلقین کی کہ وہ پہلے دن سے ہی ایمانداری ، دیانتداری اور اپنے فرایض خلوص نیت سے انجام دینے کی شروعات کریں تا کہ ریاست کے لوگوں کی بہبودی یقینی بنائی جا سکے ۔ انہوں نے ان افسران سے کہا کہ وہ معیاد بند طریقے پر لوگوں کے مسائل حل کرنے کے اقدامات کریں ۔ ادھرنائب صدر بھارتیہ جنتا پارٹی اویناش رائے کھنہ نے یہاں راج بھون میں گورنر این این ووہرا سے ملاقات کی ۔ گورنر اور کھنہ نے ریاست میں ترقیاتی منظر نامے اور ریاست کے تینوں خطوں کے لوگوں کی بہبودی کو فروغ دینے کے سلسلے میں اٹھائے جانے والے اقدامات پر سیر حاصل بحث کی ۔ انہوں نے ریڈ کراس سوسائیٹی ، بھارت سکاؤٹس اینڈ گائیڈس و دیگر رضا کار تنظیموں کی اُن کوششوں پر بھی غور و خوض کیا جو انہیں سماج کیلئے انجام دینی چاہئیں ۔ دریں اثناء آل جے اینڈ کے سیکرٹریٹ ایمپلائز یونین کی ایک ڈیلی گیشن یونین کے صدر غلام رسول کی قیادت میں آج یہاں سول سیکرٹریٹ میں گورنر این این ووہرا سے ملاقی ہوئی اور انہیں چند اہم مسائل سے آگاہ کیا۔ گورنر نے یونین کے ممبران پر زور دیا کہ وہ اپنے دفتری کام کو خوش اسلوبی، ایمانداری اور دیاتنداری سے انجام دیں۔گورنر نے انہیں یقین دلایا کہ اُن کے جائز مسائل کو مناسب وقت پرحل کیا جائے گا۔