سرینگر//تعلیم کے وزیر سید محمد الطاف بخاری نے راج باغ میں مرمت کئے گئے فلاور منڈی کمپلیکس کا افتتاح کیا۔وزیر کو اس موقعہ پر بتایا گیا کہ یہ منڈی وادی کے پھول اُگانے والوں کے لئے قائم کی گئی ہے جہاں وہ اپنے پھول فروخت کر کے اچھی آمدن حاصل کرسکتے ہیں۔اس دوران مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے پھولبانوں نے اپنے پھول بیچنے کے لئے سٹال قائم کئے تھے۔ وزیر کو جانکاری دی گئی کہ محکمہ پھولبانی نے زیادہ سے زیادہ لوگوں کو تجارتی پیمانے پر پھول اگانے کی جانب راغب کرنے کے لئے کئی اقدامات اُٹھائے ہیں جن کی بدولت پچھلے چند برسوں کے دوران خاص طور سے نوجوان اس صنعت کی طرف راغب ہورہے ہیں اور اب خوش آئند بات یہ ہے کہ یہاں سے پھول بیرون ریاست خاص طور سے دہلی کے بازاروں میں برآمد کئے جاتے ہیں۔اس موقعہ پر گاندر بل سے تعلق رکھنے والے ایک پھولبان نے کہا کہ انہیں گلاب کے ایک پھول کو6 سے9 روپے،جربیرہ کو4 سے6 روپے اور گلیڈیولس کو3 سے4 روپے حاصل ہوتے ہیں اور یہ قیمتیں پھولوں کی مانگ کی منحصر ہوتی ہیں۔وزیر کو بتایا گیا کہ محکمہ لوگوں کو تکنیکی معاونت کے ساتھ ساتھ مرکزی معاونت والی سکیموں کے رہنما خطوط کے مطابق دیگر مراعات بھی مہیا کراتا ہے۔وزیر کو جانکاری دگئی کہ متعلقہ محکمہ اس وقت500 ہیکٹر اراضی پر محیط275 باغات اور پارکوں کا رکھ رکھاؤ کرتا ہے۔اس موقعہ پر کئی پھولبانوں نے اپنی کامیابیوں اور اپنے اپنے مسائل کی جانکاری دی۔ وزیر نے انہیں یقین دلایا کہ ان کے جائیز مطالبات کی طرف ہمدردانہ غور کیا جائے گا۔