یواین آئی
نئی دہلی// راجیہ سبھا نے جمعرات کے روز اپنے چھ اراکین کو مدت کار مکمل ہونے پر جذباتی اندازمیں الوداعیہ دیا۔ یہ تمام اراکین ایوان بالا میں تمل ناڈو کی نمائندگی کر رہے تھے۔ایوان بالا کے ڈپٹی چیئرمین ہری ونش نے کارروائی کے آغاز کے بعد ایوان کو مطلع کیا کہ پٹالی مکل کچچی کے انبومنی رام داس، ڈی ایم کے کے پی ولسن، ایم ڈی ایم کے کے وائیکو،اے آئی اے ڈی ایم کے ایم چندرشیکھرن، ڈی ایم کے کے ایم شنموگم اور ڈی ایم کے کے ایم محمد عبداللہ کی معیاد آج مکمل ہو رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان میں سے ایک رکن، پی ولسن، دوبارہ راجیہ سبھا کے لیے منتخب ہوئے ہیں اور ان کا نیا دور کل سے شروع ہوگا۔ ہری ونش نے سبکدوش ہونے والے اراکین کی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے انہیں مبارکباد دی۔ایوان میں کانگریس کے ڈپٹی لیڈر پرمود تیواری نے اپوزیشن لیڈر ملک ارجن کھرگے کی غیر موجودگی میں سبکدوش ہونے والے اراکین کو صحت مند زندگی اور سماجی خدمت میں سرگرم رہنے کے لیے نیک تمناؤں سے نوازا۔