سمت بھارگو
راجوری//سابق کابینہ وزیر اور بی جے پی کے قومی کونسل کے رکن چوہدری ذوالفقار علی کی قیادت میں ایک وفد نے راجوری کے ڈپٹی کمشنر سے ملاقات کی اور جموں و کشمیر کے سرحدی ضلع راجوری میں صحت کے شعبے کی تشویشناک صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔وفد نے دو حالیہ المناک واقعات کو اجاگر کیا جنہوں نے کمیونٹی کو ہلا کر رکھ دیا۔پہلا واقعہ، جس میں حاملہ خاتون کرن دیوی اور ان کا غیر پیدا بچہ گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) راجوری کے وابستہ ہسپتال میں ڈاکٹر کی غفلت کے باعث جاں بحق ہوگئے تھے، محض دو دن پہلے پیش آیا۔ دوسرا واقعہ، ایک نوعمر لڑکی کا تھا جو راجوری کے ایک پرائیویٹ کلینک میں علاج کے دوران جاں بحق ہوگئی۔وفد کے اراکین نے حکام سے ان واقعات کی مکمل تحقیقات کرانے، ذمہ داری طے کرنے اور مستقبل میں ایسے سانحات سے بچنے کے لئے فوری اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا۔چوہدری ذوالفقار علی نے کہاکہ انسانی زندگی قیمتی ہے اور سرحدی ضلع میں صحت کے شعبے کی بگڑتی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے‘۔انہوں نے بتایا کہ یہ معاملہ ڈپٹی کمشنر کے ساتھ تفصیل سے زیر بحث آیا، جنہوں نے آگاہ کیا کہ دونوں واقعات کی تحقیقات جاری ہیں اور کسی بھی غفلت کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔