عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//کڈزی اسکول راجوری کے ننھے منے طلباء نے ماحولیاتی تحفظ کی جانب ایک اہم قدم بڑھاتے ہوئے گوجر منڈی، راجوری میں شجرکاری مہم کا انعقاد کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر راجوری، ابھیشیک شرما نے مہمانِ خصوصی کے طور پر شرکت کی۔تقریب میں کڈزی راجوری کے چیئرمین، قیوم چوہدری اور اسکول کے اساتذہ بھی شریک ہوئے۔ ڈپٹی کمشنر نے اپنے خطاب میں اس اقدام کو سراہا اور کہا کہ کم عمری میں بچوں کو ماحولیات سے متعلق مثبت اقدار سے روشناس کرانا نہایت خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات نہ صرف بچوں کو شعور فراہم کرتے ہیں بلکہ معاشرے میں شجرکاری اور ماحولیاتی توازن کی اہمیت کو اجاگر کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوتے ہیں۔اس موقع پر بچوں اور عملے نے نہایت جوش و خروش کے ساتھ پودے لگائے اور ماحول کو سرسبز و شاداب بنانے کا عزم ظاہر کیا۔ طلباء نے یہ عہد کیا کہ وہ لگائے گئے پودوں کی دیکھ بھال کریں گے تاکہ یہ مستقبل میں سرسبز و شاداب درختوں میں تبدیل ہو کر آنے والی نسلوں کے لیے صاف اور صحت مند ماحول فراہم کر سکیں۔یہ تقریب اس بات کا ثبوت بنی کہ اگر کم عمری سے ہی بچوں میں ماحول دوستی کا جذبہ پروان چڑھایا جائے تو وہ آنے والے وقت میں ایک ذمہ دار اور ماحول دوست شہری کے طور پر معاشرے کو بہتر بنانے میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔