راجوری کے ملہت گاؤں میں جَل جیون مشن سکیم کو بڑا جھٹکا

Mir Ajaz
4 Min Read
{"remix_data":[],"remix_entry_point":"challenges","source_tags":["default"],"origin":"unknown","total_draw_time":0,"total_draw_actions":0,"layers_used":0,"brushes_used":0,"photos_added":0,"total_editor_actions":{},"tools_used":{"addons":1,"transform":1},"is_sticker":false,"edited_since_last_sticker_save":true,"containsFTESticker":false}

نامعلوم چور ٹرانسفارمر اور پمپ روم سے لاکھوں کا سامان لے اُڑے

عظمیٰ یاسمین +سمت بھارگو

راجوری//تحصیل درہال کے ملہت گاؤں میں جَل جیون مشن کے تحت حال ہی میں نصب کئے گئے 250 کے وی اے ٹرانسفارمر اور پمپ روم سے لاکھوں روپے مالیت کا قیمتی سامان چوری کر لیا گیا، جس کے بعد نہ صرف محکمہ جل شکتی بلکہ اسکیم کی ساکھ پر بھی سوالات کھڑے ہو گئے ہیں۔یہ واقعہ بدھ کی صبح اس وقت سامنے آیا جب مقامی افراد، جن کی قیادت سماجی کارکن مرتضیٰ مرزا کر رہے تھے، پانی کی اسکیم کے قریب سے گزرتے ہوئے ٹرانسفارمر کو زمین پر پڑا ہوا اور بکھرا ہوا پایا۔ فوری طور پر محکمہ کے اہلکاروں اور پولیس کو اطلاع دی گئی، جس کے بعد ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور ابتدائی تحقیقات شروع کی گئیں۔ذرائع کے مطابق چور جدید آلات کی مدد سے ٹرانسفارمر کو کھمبوں سے اتار کر زمین پر لائے اور اس میں سے کاپر وائر، موٹر، تیل اور دیگر قیمتی پرزے نکال کر لے گئے۔ اس کے علاوہ، پمپ روم میں موجود تقریباً 20 لاکھ روپے مالیت کا سامان بھی گیٹ کا تالا توڑ کر چرا لیا گیا۔ یہ سامان گزشتہ چار ماہ سے بغیر نگرانی کے وہیں رکھا ہوا تھا۔مرتضیٰ مرزا نے واقعہ پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ یہ صرف چوری نہیں بلکہ عوام کے بنیادی حق، یعنی پینے کے پانی پر ڈاکا ہے۔ اْن کا کہنا تھا کہ انہوں نے کئی مرتبہ متعلقہ محکمہ اور ٹھیکیدار کو خبردار کیا تھا کہ پمپ روم کے سامان کو جلد از جلد نصب کیا جائے، مگر ان کی باتوں کو نظرانداز کیا گیا۔انہوں نے مزید کہا کہ جَل جیون مشن اسکیم پہلے ہی ناقص منصوبہ بندی، بدانتظامی اور غیر مؤثر نگرانی کی وجہ سے عوامی تنقید کا نشانہ بنی ہوئی ہے، اور اب اس چوری نے اس کی ساکھ کو مزید نقصان پہنچایا ہے۔انہوں نے کہاکہ’’اگر یہی روش جاری رہی تو عوام نہ صرف پانی سے محروم ہوں گے بلکہ سرکاری وسائل کا بھی زیاں ہوتا رہے گا‘‘۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ تھانہ درہال میں ایف آئی آر درج کر کے معاملے کی قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے، اور تفتیشی ٹیم چوروں کے گروہ کو بے نقاب کرنے کے لئے مختلف زاویوں سے تحقیقات کر رہی ہے۔عوامی حلقوں میں اس واقعے کے بعد غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔ لوگ محکمہ جل شکتی، انتظامیہ اور ٹھیکیداروں کو اس صورتحال کا ذمہ دار ٹھہرا رہے ہیں۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ اگر محکمہ وقت پر اقدامات لیتا، تو آج اسکیم متاثر نہ ہوتی۔مرزا نے ایس ایس پی راجوری اور ایس ایچ او درہال سے مطالبہ کیا کہ چوروں کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے اور اسکیم کے تحفظ کے لئے مؤثر سیکورٹی ،سی سی ٹی وی کیمرے، اور مستقل نگرانی کے اقدامات کئے جائیں تاکہ عوام کا اعتماد بحال ہو اور پینے کے پانی کا یہ اہم منصوبہ کامیابی سے مکمل ہو سکے۔

Share This Article