سمت بھارگو
راجوری//راجوری ضلع کے کالا کوٹ سب ڈویژن کے جنگلاتی علاقے میں واقع گاؤں فلی پنجناڑہ میں جنگل کی آگ نے قہر برپا کر رکھا ہے۔ پیر کی شام کو بھڑکی آگ نے منگل کی شام ایک سبکدوش سرکاری استاد کی جان لے لی، جبکہ مقامی لوگ تیسرے دن بھی اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر آگ پر قابو پانے کی کوشش کر رہے ہیں۔پیر کی شام کو جنگل میں آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا جو دیکھتے ہی دیکھتے وسیع رقبے میں پھیل گئی، پورے گاؤں کو دھوئیں کی دبیز تہہ نے اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آگ سے نہ صرف سرسبز جنگلات اور جنگلی حیات کو نقصان پہنچا، بلکہ گاؤں کے لوگ بھی خوف و ہراس میں مبتلا ہو گئے ہیں۔ لوگ اپنے گھروں، مویشیوں اور کھیتوں کو بچانے کی فکر میں ہیں۔منگل کی شام 67 سالہ عبدالعزیز اس وقت جاں بحق ہو گئے جب وہ آگ کو اپنے گھر کی طرف بڑھنے سے روکنے کی کوشش کر رہے تھے اور شعلوں میں گھر گئے۔بدھ کے روز بھی، تیسرے دن مسلسل آگ نے مزید جنگلاتی علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس سے مقامی آبادی میں خوف و ہراس بڑھ گیا ہے۔ مقامی لوگوں نے ایک ویڈیو پیغام میں اپیل کرتے ہوئے کہاکہ ’’ہم تین دنوں سے اپنی جانیں خطرے میں ڈال کر آگ بجھانے کی کوشش کر رہے ہیں، اور اس دوران ہم ایک اپنے رشتہ دار کو کھو چکے ہیں‘‘۔مقامی باشندوں کے مطابق جنگل کی آگ ہر گزرتے لمحے کے ساتھ مزید علاقوں میں پھیل رہی ہے، مگر محکمہ جنگلات کے محض ایک یا دو ملازمین ہی موقع پر موجود ہیں، باقی سب غائب ہیں۔مکینوںنے کہاکہ ’’محکمہ جنگلات کے دعوے صرف کاغذوں تک محدود ہیں۔ فیلڈ میں کوئی عملی کام ہوتا دکھائی نہیں دے رہا‘‘۔انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری اور دیگر اعلیٰ افسران سے اپیل کی ہے کہ وہ خود اس صورتحال کا جائزہ لیں اور متعلقہ محکموں کی کارروائیوں کی نگرانی کریں تاکہ مزید جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے۔