سمت بھارگو
راجوری//راجوری ضلع کے دلہوڑی علاقے میں جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب ایک افسوسناک سڑک حادثے میں ایک 12 سالہ لڑکے سمیت دو افراد جان کی بازی ہار گئے، جبکہ دو دیگر شدید زخمی ہو گئے۔یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک مال بردار گاڑی (زیرنمبر JK11E 0621) بندیاں کے مقام پر بے قابو ہو کر الٹ گئی۔ حادثے میں دو افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جن کی شناخت محمد شکور ولد دل پذیر (عمر 25سال) ساکن کھا نمبر 2اور آظہر علی ولد محمد مشتاق (عمر 12سال) ساکن نیالی منجاکوٹ کے طور پر کی گئی ہے۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی علاقے میں سوگ کی لہر دوڑ گئی اور متاثرہ خاندانوں میں کہرام مچ گیا۔ مقامی افراد اور ریسکیو ٹیموں نے فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ کر زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ذرائع کے مطابق گاڑی کا ڈرائیور حادثے کے فوراً بعد موقع سے فرار ہو گیا ہے جس کی تلاش جاری ہے۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور گاڑی کو ضبط کر کے کیس درج کر لیا گیا ہے۔حادثے کی خبر سن کر مقامی نمائندگان، سماجی کارکن اور اہل علاقہ ہسپتال اور جاں بحق افراد کے گھروں پر پہنچے اور اہل خانہ سے اظہارِ تعزیت کیا۔مقامی عوام نے سڑکوں کی خستہ حالی اور گاڑیوں کی لاپروائی سے ڈرائیونگ پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور انتظامیہ سے مؤثر کارروائی کی مانگ کی ہے تاکہ مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات سے بچا جا سکے۔