سمت بھارگو
راجوری//راجوری کے ایک مصروف دیہی سڑک پر، جو آٹھ سے زائد گنجان آباد دیہاتوں کو آپس میں جوڑتی ہے، آخرکار سڑک کی مرمت و اپگریڈیشن کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔ یہ کام پردھان منتری گرام سڑک یوجنا (PMGSY) کے تحت کیا جا رہا ہے۔اس سے قبل جمعرات کو ڈپٹی کمشنر راجوری ابھیشک شرما نے خود اس خستہ حال سڑک کا دورہ کیا اور تاخیر پر برہمی ظاہر کرتے ہوئے متعلقہ محکمہ کو فوری طور پر کام شروع کرنے کی ہدایت دی تھی تاکہ مختص فنڈز کا بروقت استعمال ممکن ہو سکے۔یہ سڑک چھ کلومیٹر طویل ہے جو جموں۔راجوری،پونچھ قومی شاہراہ پر واقع ٹنڈوال پل سے شروع ہو کر سہنا گلی تک جاتی ہے۔ اس سڑک سے مبارکپورہ، کیریاں، کنکوٹ، منکوٹ، پلولیاں، ننگا نار، سہنا گلی، خانکری، سادیال اور ٹنڈی ترار سمیت دیگر دیہات جڑے ہوئے ہیں۔علاقہ مکینوں کے مطابق یہ سڑک گزشتہ کئی سالوں سے خستہ حال تھی اور روزانہ حادثات پیش آ رہے تھے، جبکہ مرمت کے لئے فنڈز پہلے ہی منظور ہو چکے تھے لیکن کام شروع نہیں کیا جا رہا تھا۔مقامی لوگوں کی شکایات پر کارروائی کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے جمعرات کو پی ایم جی ایس وائی کے افسران کے ہمراہ موقع کا معائنہ کیا، جس کے بعد جمعہ کے روز محکمہ نے فوری طور پر کام شروع کر دیا۔مقامی شہری سوباش چندر نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ’ہم ڈپٹی کمشنر راجوری کے بے حد شکر گزار ہیں جنہوں نے ذاتی مداخلت کر کے یہ کام شروع کروایا، ورنہ ہم کئی سالوں سے انتظار کر رہے تھے‘۔ضلع انتظامیہ راجوری نے بھی اس ترقیاتی منصوبے کو ایک اہم قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ پی ایم جی ایس وائی کے تحت مبارکپورہ سے سہنا گلی تک سڑک کا کام دیہی علاقوں میں بہتر رابطے اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری کی سمت ایک مثبت پیش رفت ہے۔انتظامیہ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ سڑک کی مرمت کا کام تیزی سے مکمل کیا جائے گا تاکہ عوام کو جلد از جلد راحت فراہم ہو سکے۔