عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//راجوری قصبہ کے شہریوں نے بدھ کے روز راجوری-کھیورہ روڈ پر واقع خستہ حال پلی کی مرمت کے مطالبے کو لے کر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے الزام لگایا کہ کھیورہ نالہ پر بنی یہ پلی بری طرح ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو چکی ہے جس کے باعث راہگیروں، مسافروں اور دکانداروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔یہ پلی گورنمنٹ میڈیکل کالج راجوری کو درہال، تھنہ منڈی اور دیگر علاقوں سے جوڑنے والا ایک اہم رابطہ ذریعہ ہے، جہاں سے روزانہ ہزاروں گاڑیاں گزرتی ہیں تاہم حالیہ دنوں میں اس کے ڈھانچے کو جزوی نقصان پہنچنے کے بعد یہاں سے گاڑیوں کی آمدورفت نہ صرف مشکل بلکہ خطرناک بھی بن گئی ہے۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ پلی نچلے درجے پر واقع ہونے کی وجہ سے بارشوں کے دوران کھیورہ نالہ کا پانی کئی بار بازار میں داخل ہو جاتا ہے، جس سے لاکھوں روپے کا نقصان ہو چکا ہے۔ ان کے مطابق، متعدد مرتبہ انتظامیہ کو درخواستیں دینے کے باوجود مرمتی کام کا آغاز نہیں کیا گیا۔احتجاج کی قیادت مشتاق ڈار اور دیگر مقامی شہریوں نے کی۔ مظاہرین نے متعلقہ محکموں کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے خبردار کیا کہ اگر فوری طور پر مرمت کا کام شروع نہ کیا گیا تو وہ اپنی تحریک میں شدت لائیں گے۔عوام نے ضلع انتظامیہ راجوری سے اپیل کی ہے کہ اس مسئلے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے اور بارڈر روڈز آرگنائزیشن (BRO) کے تحت مرمتی عمل جلد از جلد شروع کیا جائے تاکہ عوامی تحفظ اور ٹریفک کی روانی کو یقینی بنایا جا سکے۔