عظمیٰ نیوزسروس
سرینگر// سرینگر کے راجوری کدل علاقے میں آتشزدگی کی ایک بھیانک واردات میں کم از کم تین رہائشی مکانوں کو نقصان پہنچا ہے۔ اتوار کی سہ پہر پائین شہر کے گنجان آبادی والے علاقے راجوری کدل میں رہائشی مکان سے آگ نمودار ہوئی جس نے آناً فاناً اپنے متصل مزید دو مکانوں کو لپیٹ میں لے لیا۔ فائر اینڈ ایمرجنسی اور مقامی لوگوں کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں گر چہ آگ پر قابو پایا گیا تاہم آتشزدگی کی اس واردات میں تین رہائشی مکان خاکستر ہوئے ہیں۔ فائر اینڈ ایمرجنسی کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ راجوری کدل میں آگ نمودار ہونے کی اطلاع ملتے ہی فائر اینڈ ایمرجنسی کے اہلکار جائے موقع پر پہنچے۔ انہوں نے بتایا کہ دس فائر ٹینڈروں کی مدد سے آگ پر قابو پایا گیا تاہم آگ کی اس واردات میں تین رہائشی مکانوں کو نقصان پہنچا ہے۔ ان کے مطابق پولیس نے آگ لگنے کی وجوہات جاننے کی خاطر کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے۔ واضح رہے کہ پچھلے ایک ہفتے سے وادی کشمیر میں آگ کی وارداتوں میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے کو ملا ہے۔