جاوید اقبال +سمت بھارگو
مینڈھر+راجوری//پیر پنجال کے علاقے میں اس سال کے دوسرے بڑے حملے میں، جموں راجوری پونچھ قومی شاہراہ پر طوطاگلی کے قریب ملی ٹینٹوں کے گھات لگا کرکئے گئے حملے میں 5 فوجی جوان ہلاک جبکہ ایک شدید زخمی ہوا۔حملہ کی جگہ پونچھ ضلع میں مینڈھر سب ڈویژن کے گورسائی پولیس اسٹیشن کے تحت آتی ہے۔فورسز کی طرف سے علاقے میں محاصرہ اور تلاشی آپریشن شروع کیا گیا ہے جس میں پولیس اور فوج کے اعلیٰ افسران موقع پر موجود ہیں۔ فوج نے اسے دہشت گردانہ حملہ قرار دیا ہے۔یہ بھاٹہ دھریاں علاقہ ہے جہاں یہ واقعہ پیش آیا ہے یہاں اکتوبر 2021 میں فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید گولی باری ہوئی جس میں فوج کے پانچ جوان ہلاک ہوئے جبکہ آپریشن اکیس دن سے زائد جاری رہا۔جمعرات کو پیش آئے واقعے کے حوالے سے فوج کے شمالی کمان کی طرف سیجاری بیان میں کہا گیا ہے کہا کہ جمعرات کی سہ پہر تقریباً 3 بجے راجوری سیکٹر میں بھمبر گلی اور پونچھ کے درمیان جانے والی فوج کی ایک گاڑی پر نامعلوم دہشت گردوں نے شدید بارش اور حد نگاہ کم ہونے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فائرنگ کی۔ فوج نے اپنے بیان میں کہا کہ دہشت گردوں کی جانب سے ممکنہ طور پر دستی بموں کے استعمال کی وجہ سے گاڑی میں آگ لگ گئی۔فوج نے کہا کہ علاقے میں انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں کے لیے تعینات راشٹریہ رائفلز یونٹ کے پانچ اہلکار بدقسمتی سے اس واقعے میں اپنی جانیں گنوا بیٹھے ہیں۔فوج نے مزید بتایا کہ ایک اور شدید زخمی فوجی کو فوری طور پر راجوری کے آرمی اسپتال منتقل کیا گیا اور وہ زیر علاج ہے۔فوج نے کہا کہ مجرموں کی تلاش کے لیے کارروائی جاری ہے اور جنگلاتی علاقے کا وسیع پیمانے پر آپریشن شروع کیا گیا ہے۔دریں اثنا، عہدیداروں نے نام ظاہر نہ کرنے کی خواہش کرتے ہوئے کہا کہ یہ اس علاقے میں دہشت گردی کا ایک بڑا حملہ ہے جس میں دیودار کے درختوں اور جھاڑیوں کے گھنے جنگلات ہیں۔یہ وہی علاقہ ہے جہاں 15 اکتوبر 2021 کو دہشت گردوں اور فورسز کے درمیان تصادم ہوا تھا جس میں فوج کے پانچ فوجی ہلاک ہوئے تھے اور یہ علاقہ اکیس دن سے زیادہ آپریشن کی زد میں رہا۔فوجی گاڑی پر آج کا حملہ یکم جنوری کو دھانگری گاؤں میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے کے بعد پیر پنجال علاقے میں دہشت گردوں کا دوسرا بڑا حملہ ہے جس میں سات شہری اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے اور تیرہ دیگر زخمی ہوئے۔
وزیر دفاع کو بریفنگ دی گئی
نیوز ڈیسک
نئی دہلی //وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کو پونچھ سیکٹر میں ملی ٹینٹوں کے حملے میں 5 فوجیوں کی ہلاکت کے بارے میں آرمی چیف جنرل منوج پانڈے نے بریفنگ دی۔معلوم ہوا ہے کہ وزیر دفاع کو بتایا گیا کہ زمین پر موجود ہندوستانی فوج کے دستے صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور مناسب کارروائی کر رہے ہیں۔انہوں نے فوجی آپریشن کے ذریعہ حملہ آوروں کو ڈھونڈ نکالنے کی ہدایات دیں اور مہلوک فوجیوں کی ہلاکت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
لیفٹیننٹ گورنر کا اظہار افسوس
نیوز ڈیسک
جموں // لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے پونچھ میں اپنی قیمتی جانیں گنوانے والے اہلکاروں کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ قوم کے تئیں انکی خدمات کو کبھی بھولا نہیں جائیگا۔منوج سنہا نے کہا کہ اس واقعہ سے بے حد افسوس ہوا۔میری ہمدردیاں پسماندگان کیساتھ ہیں۔
سجاد کا اظہار رنج
سرینگر//پیپلز کانفرنس چیئر مین سجاد لون نے پونچھ حملے کی مذمت کی، کہا کہ ‘تشدد کی لعنت جانے سے انکاری ہے’۔سجاد لون نے کہا کہ “تشدد اور دہشت گردی کی لعنت المناک طور پر برقرار ہے اور جانے سے انکاری ہے”۔لون نے ٹوئٹر پر کہا‘‘فوجی گاڑی پر حملے اور پانچ ہلاکتوں کی خوفناک اور المناک خبر، بزدلوں کی اس گھناؤنی دہشت گردی کی پرزور مذمت کرتے ہیں،‘‘ ۔
عمر عبداللہ کی مذمت
سرینگر//نیشنل کانفرنس کے ورکنگ صدر عمر عبداللہ نے پانچ فوجیوں کی ہلاکت کی مذمت کی۔عمر نے ٹویٹر پر لکھا’’پونچھ میں ایک دہشت گردانہ حملے کی خوفناک خبر، جس نے ڈیوٹی کے دوران 5 فوجی جوانوں کی جان لی۔ میں واضح طور پر اس گھناؤنے حملے کی مذمت کرتا ہوں اور ہلاک ہونے والوں کے لواحقین سے تعزیت کرتا ہوں، مرنے والوں کی روحوں کو سکون ملے، ’’۔
آزاد کی تعزیت
سرینگر // چیئرمین ڈیموکریٹک پروگریسو آزاد پارٹی (ڈی پی اے پی) صدر غلام نبی آزاد نے فوجی اہلکاروں کے سوگوار خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا۔آزاد نے ایک بیان میں کہا”مجھے پونچھ میں ایک المناک سڑک حادثے میں فوجی جوانوں کی جانوں کے ضیاع کے بارے میں جان کر بہت دکھ ہوا ۔ سوگوار خاندانوں کے ساتھ میری گہری تعزیت ہے۔ قوم کے لیے ان کی بے لوث خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ میں ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہوں۔،” ۔
محبوبہ مفتی غمزہ
سرینگر//محبوبہ مفتی نے حملے کی مذمت کی اور مقتول فوجیوں کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کی۔پی ڈی پی صدر نے ٹویٹر پر کہا’’پونچھ میں ہونے والے گھناؤنے حملے کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔ مارے گئے فوجی جوانوں کے اہل خانہ سے میری گہری تعزیت ہے،‘‘ ۔