جموں//سیکورٹی فورسز نے ہفتے کے روز راجوری – پونچھ شاہراہ پر ایک آئی ای ڈی بر آمد کرنے کے بعد اس کو ناکارہ بنا دیا۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے راجوری – پونچھ شاہراہ پر بٹھونی اور ڈلوگرہ کے درمیان تین کلو وزنی ایک بارودی سرنگ کو دودھ کے ایک برتن میں چھپائے ہوئے دیکھا جس کے پیش نظر شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل کو احتیاطی طور پر روک دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ آئی ای ڈی بر آمد ہونے کے بعد بم ناکارہ بنانے والی ایک ٹیم کو جائے موقع پر طلب کیا گیا جنہوں اس کو بغیر کوئی نقصان پہنچائے ناکارہ بنا دیا۔
ایک پولیس افسر نے واقعے کے بارے میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ بٹھونی اور ڈلوگرہ علاقوں میں مشکوک سرگرمیوں کی اطلاع موصول ہونے پر فوج اور پولیس کی ایک مشترکہ ٹیم نے ان علاقوں میںتلاشی آپریشن شروع کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ تلاشی آپریشن کے دوران ایک آئی ای ڈی کو بر آمد کیا گیا جس کو بعد میں بم ناکارہ بنانے والی ایک ٹیم نے ناکارہ بنا دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ علاقے میں تلاشی آپریشن ابھی جاری ہے اور اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن راجوری میں ایک کیس درج کیا گیا ہے۔