عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//راجوری پولیس نے منشیات کے خلاف اپنی مسلسل مہم کے تحت ایک بدنام زمانہ منشیات فروش کو پبلک سیفٹی قانون پی آئی ٹی این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت حراست میں لے لیا ہے۔ اس کارروائی کو نشہ کی لعنت کے خاتمے کی طرف ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔پولیس کے مطابق گرفتار شدہ ملزم کی شناخت کبیر احمد ولد غلام احمد سکنہ دراج، رتر منڈی، تحصیل کوٹرنکہ، ضلع راجوری کے طور پر کی گئی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم متعدد بار منشیات اسمگلنگ میں ملوث پایا گیا ہے اور اس کی مسلسل غیر قانونی سرگرمیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے مجاز اتھارٹی نے اس کے خلاف پی آئی ٹی این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت نظر بندی کے احکامات جاری کئے۔ بعد ازاں اسے جموں جیل منتقل کر دیا گیا۔راجوری پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ یہ کارروائی نوجوانوں کو منشیات کے نقصانات سے بچانے اور نشہ کی وبا کو جڑ سے ختم کرنے کی ایک کڑی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ایسے عناصر کے خلاف آئندہ بھی سخت کارروائیاں جاری رہیں گی۔