عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//راجوری پولیس نے غیر قانونی طور پر مویشیوں کی نقل و حمل کے خلاف اپنی کاروائی کو جاری رکھتے ہوئے چنگس اور کالا کوٹ علاقوں میں تین الگ الگ واقعات میں مویشی اسمگلنگ کی کوششیں ناکام بنا دیں۔ اس کارروائی کے دوران پولیس نے 14 مویشی بازیاب کرائے، دو گاڑیاں ضبط کیں اور ایک اسمگلر کو گرفتار کیا۔ تین الگ الگ ایف آئی آرز درج کی گئی ہیں۔پولیس پوسٹ چنگس کی ٹیم نے انچارج پولیس پوسٹ کی سربراہی میں کیری لنک روڈ پر ناکہ چیکنگ کے دوران ایک گاڑی نمبر JK11E-0598 (ٹاٹا موبائل) کو روکا جو 7 مویشیوں کو بغیر اجازت منتقل کر رہی تھی۔ ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا۔اسی طرح سسال کوٹ روڈ پر دوسری گاڑی نمبر JK11D-3782 کو روکا گیا جس میں 5 مویشی بغیر اجازت پائے گئے۔ دونوں گاڑیاں ضبط کر لی گئیں اور مویشیوں کو بازیاب کیا گیا۔ اس ضمن میں پولیس اسٹیشن راجوری میں ایف آئی آر نمبر 365/2025 اور 366/2025 بجرم دفعہ 223 بی این ایس اور 11 پی سی اے ایکٹ درج کی گئی ہیں۔کالا کوٹ کے پوتھا علاقے میں پولیس نے ناکہ چیکنگ کے دوران ایک شخص محمد مشتاق ولد محمد مصری ساکن بارسلا کوٹرنکہ کو گرفتار کیا جو دو مویشیوں کو بغیر اجازت راجوری کی طرف لے جا رہا تھا۔ مویشی بازیاب کرلئے گئے اور ملزم کو موقع پر ہی گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس اسٹیشن کالا کوٹ میں ایف آئی آر نمبر 57/2025 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔راجوری پولیس نے عزم ظاہر کیا ہے کہ مویشی اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں مسلسل جاری رہیں گی اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ تمام کیسز کی تحقیقات جاری ہیں۔