عظمیٰ نیوز سروس
راجوری //نیشنل ہیلتھ مشن جموں و کشمیر کے مشن ڈائریکٹر باسر الحق چوہدری نے ڈاک بنگلہ راجوری میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی جس میں نیشنل ٹی بی ایلیمنیشن پروگرام (این ٹی ای پی) اور دیگر قومی صحت مشن کے پروگراموں کی عمل آوری و پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ضلع راجوری اور پونچھ کے اعلیٰ طبی و انتظامی افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں این ٹی ای پی کے تحت دونوں اضلاع میں جاری علاج اور جانچ کے طریقہ کار پر غور کیا گیا تاکہ حکومت کے طے شدہ ہدف یعنی سال 2025 تک تپ دق (ٹی بی) کے مکمل خاتمے کو یقینی بنایا جا سکے۔ باسر الحق چوہدری نے ضلعی اور بلاک سطح پر کی گئی پیش رفت کا معائنہ کرتے ہوئے کہا کہ بڑے پیمانے پر اسکریننگ مہمات، کیس کی بروقت اطلاع اور تصدیق شدہ مریضوں کا مؤثر علاج نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے میڈیکل کالجز، ضلعی اسپتالوں، پرائیویٹ پریکٹیشنرز اور کمیونٹی کو اس مشن میں بھرپور کردار ادا کرنے کی تلقین کی۔انہوں نے زور دیا کہ سی بی ناآٹ اور ٹرو نیٹ مشینوں کے زیادہ سے زیادہ استعمال کو یقینی بنایا جائے تاکہ تشخیصی خدمات میں رکاوٹ نہ آئے۔ اس کے علاوہ ادویات کی فراہمی، علاج کے تسلسل اور مریضوں کی باقاعدہ فالو اپ کے لئے آشا ورکرز اور دیگر طبی عملے کو مزید فعال بنایا جائے۔پرنسپل جی ایم سی راجوری کو ہدایت دی گئی کہ وہ دونوں اضلاع کے طبی عملے کو ایکسرے کی درست تشریح اور سیمپلنگ کے معیار سے متعلق تربیت فراہم کریں۔ اجلاس میں آشا کارکنان اور کمیونٹی رضاکاروں کے کردار کو خاص طور پر اجاگر کیا گیا، جو دور افتادہ اور مشکل علاقوں میں فعال کیس تلاش کرنے میں کلیدی حیثیت رکھتے ہیں۔اجلاس میں نکشے پوشن یوجنا کے تحت مریضوں کو براہ راست مالی امداد اور غذائی سہولیات کی فراہمی کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اس کے ساتھ ساتھ سرحدی اور پہاڑی علاقوں میں لاجسٹک، افرادی قوت اور دیگر چیلنجوں پر قابو پانے کے لئے اختراعی اقدامات اپنانے پر زور دیا گیا۔مزید برآں، اجلاس میں زچہ و بچہ کی صحت، جامع پرائمری ہیلتھ کیئر، غیر متعدی امراض اور دیگر اہم طبی پروگراموں کی پیش رفت کا بھی تفصیلی معائنہ کیا گیا۔ مشین ڈائریکٹر نے افسران کو مضبوط مانیٹرنگ اور احتسابی نظام قائم کرنے اور بروقت ڈیٹا تجزیے کے ذریعے فوری اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔اجلاس میں جی ایم سی راجوری کے پرنسپل ڈاکٹر امرجیت سنگھ بھاٹیا، چیف میڈیکل آفیسر پونچھ، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ جی ایم سی راجوری و ڈسٹرکٹ اسپتال پونچھ، ریاستی ٹی بی افسر جموں، ڈویڑنل و ضلعی آشا کوآرڈی نیٹرز سمیت متعدد اعلیٰ افسران و ماہرین نے شرکت کی۔