عظمیٰ نیوز سروس
راجوری // ضلع راجوری نے حکومت ہند کی فلیگ شپ مہم ’جل شکتی ابھیان – کیچ دی رین‘کے تحت شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے زمینی پانی کے ریچارج اور بارش کے پانی کے تحفظ کے لئے 3800 ڈھانچے تعمیر کر کے قومی سطح پر ایک نئی مثال قائم کی ہے۔اس حوالے سے ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر (ڈی ڈی سی) راجوری، ابھشیک شرما کی صدارت میں ایک تفصیلی جائزہ میٹنگ منعقد ہوئی۔ اجلاس کے آغاز پر ڈسٹرکٹ اسٹیٹسٹکس اینڈ ایویلیوشن آفیسر سندیپ کمار شرما نے بتایا کہ ضلع راجوری نے مہم کے تحت نمایاں پیش رفت کی ہے اور اب تک 3800 ریچارج و واٹر ہارویسٹنگ ڈھانچے کامیابی کے ساتھ ’جل سنچئے جن بھاگیداری (JSJB)‘ پورٹل پر اپ لوڈ کیے جا چکے ہیں، جس کے باعث ضلع کو قومی سطح پر اعزاز ملنے کی راہ ہموار ہوئی ہے۔ڈی ڈی سی نے تمام متعلقہ محکموں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ہدایت دی کہ ان ڈھانچوں کے معیار اور پائیداری کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے جل شکتی، دیہی ترقی، جنگلات اور زراعت محکموں کو ہدایت دی کہ ان تمام ڈھانچوں کی باقاعدہ دیکھ بھال کا بندوبست کیا جائے۔انہوں نے یہ بھی ہدایت دی کہ JSJB پورٹل پر اپ لوڈ کیے گئے تمام اعداد و شمار کی جانچ کی جائے اور جہاں ضروری ہو، وہاں تصحیح کی جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ صرف جیو-ٹیگ کردہ تصاویر ہی اپ لوڈ کی جائیں تاکہ شفافیت اور نگرانی میں بہتری آئے۔ڈی ڈی سی نے تمام بلاک ڈیولپمنٹ آفیسرز کو ہدایت دی کہ ایم جی نریگا اسکیم کے تحت خولوں کی صفائی کو اولین ترجیح دی جائے تاکہ پانی کے بہاؤ کو بہتر بنایا جا سکے اور زمینی پانی کی سطح میں اضافہ ممکن ہو۔اس اجلاس میں چیف پلاننگ آفیسر راجوری مقصود احمد، ایس ای ہائیڈرولک سرکل راجوری، اے سی ڈی عقیل نوید، بلاک ڈیولپمنٹ آفیسرز اور جل شکتی محکمہ کے ایگزیکٹیو انجینئرز نے شرکت کی۔