کوٹرنکہ //حیران کن مگر یہ بات حقیقت ہے کہ ضلع راجوری میں آر جی جی وی وائی سکیم کے تحت نصب کئے گئے 60بجلی ٹرانسفارمر خراب پڑے ہیں جن میںسے کسی ایک کو بھی محکمہ ٹھیک کرنے کیلئے تیار نہیں ہے ۔کوٹرنکہ کی تین پنچایتوں میں بجلی ٹرانسفارمر پچھلے دو ماہ سے خراب پڑے ہیں جن کو ٹھیک کرنے یا متبادل فراہم کرنے کیلئے محکمہ کی طرف سے کوئی اقدام نہیں کیاجارہا۔ مقامی لوگوں نے بتایاکہ کنتھول پنچایت ،موہڑا اور جگلانو میں تین ٹرانسفارمر دوماہ سے خراب ہیںلیکن ان کو ٹھیک کرکے بجلی سپلائی بحال نہیں کی جارہی ۔اس حوالے سے جب محکمہ بجلی کے ایگزیکٹو انجینئر راجوری سے بات کی گئی تو انہوںنے بتایاکہ ضلع میں60بجلی ٹرانسفارمر خراب پڑے ہوئے ہیں ۔تاہم انہوںنے ان خراب ٹرانسفارمروںکو ٹھیک کرانے سے صاف انکار کردیا۔ان کاکہناتھاکہ یہ ٹرانسفارمر آر جی جی وی وائی کے ہیںجن کی مرمت کا ان کے پاس کوئی انتظام نہیں اور نہ ہی وہ اس بارے میں کچھ کرسکتے ہیں ۔مقامی لوگوں کاکہناہے کہ اگر محکمہ نے کسی سکیم کے تحت یہ ٹرانسفارمر نصب کئے تو پھر کیا انہیں ٹھیک کرانا اس کی ذمہ داری نہیں ہے ۔انہوںنے کہاکہ یہ بتایاجائے کہ یہ ٹرانسفارمر کس مقصد کیلئے لگائے گئے اور کیوںاب عام لوگوں کو پریشان کیاجارہاہے ،اس سے بہترتھا کہ لگائے ہی نہ جاتے۔