راجوری//قواعدو ضوابط کی کھلے عام خلاف ورزی کرتے ہوئے میونسپل کمیٹی راجوری نے مقامی لوگوں کی زندگیوں کوخطرے میں ڈال دیاہے۔ میونسپل کونسل کی طرف سے جمع شدہ گندگی کو کھلے عام جلایاجارہاہے جس سے زائل ہونے والی بدبواور دھواں پورے علاقے کے ماحول کو خراب کردیتاہے۔اس دھویں اور بدبو سے سانس لینے میں دشواری آرہی ہے جس سے کئی قسم کی بیماریاںجنم لے سکتی ہیں۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ ایک طرف حکومت سوئوچھ بھارت ابھیان چلارہی ہے تودوسری طرف میونسپل کمیٹی راجوری کے پاس گندگی کو ٹھکانے لگانے کیلئے کوئی جدید نظام نہیں اور یہ ادارہ قدم طریقہ کار پر ہی تکیہ کئے ہوئے ہے ۔ذرائع نے بتایاکہ میونسپل کونسل اور ضلع انتظامیہ اس سلسلے میں کوئی مربوط پالیسی مرتب کرنے میںناکام ہوگئی ہے ۔میونسپل کونسل ذرائع کاکہناہے کہ میونسپل کمیٹی کی طرف سے گندگی کو دو مختلف طریقوںسے ٹھکانے لگایاجاتاہے ،یاتو گندگی سندر بنی میں قائم ری سائکلنگ پلانٹ میں لے جائی جاتی ہے یاپھر سلانی پل کے نزدیک جمع کرکے اسے آت لگادی جاتی ہے ۔ذرائع نے بتایاکہ آگ لگانے والی پالیسی پر زیادہ عمل کیاجارہاہے اور جموں پونچھ شاہراہ کے کنارے ایک مقام پر ساری گندگی جمع کرکے اسے آگ لگادی جاتی ہے جس سے زائل ہونے والا دھواں اور بدبو پورے شہر میںگردش کرتاہے جس کے نتیجہ میںلوگوں کو سانس لینے میں دشواری ہورہی ہے اور دیگر قسم کی بیماریاں بھی جنم لے رہی ہیں ۔ ذرائع کاکہناہے کہ دو سال قبل سرانو گائوںمیں گاربیج ڈسپوزل پلانٹ پر کام شروع ہواتھا لیکن مقامی لوگوں کے اعتراض کے بعد یہ تعطل کاشکار بن گیا۔ راجوری کے شہریوں روی کمار، جاوید احمد ، شوکت احمد اور دیگران کاکہناہے کہ میونسپل کونسل اور ضلع انتظامیہ کے افسران اس مسئلے کا کوئی حل تلاش نہ کرکے لوگوںکی زندگی کو خطرے میں ڈال رہے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ صبح کے وقت صرف سلانی پل کے نزدیک ہی بلکہ دیگر جگہوں پر بھی کھلے عام گندگی جلانے کے مناظر دیکھے جاسکتے ہیں جس سے نکلنے والا دھواں مہلک ثابت ہوسکتاہے ۔ان کاکہناتھاکہ گندگی کو ٹھکانے لگانے کیلئے ایک مناسب طریقہ اختیار کیاجاناچاہئے ۔میونسپل کمیٹی راجوری کے ایک افسر نے نام مخفی رکھنے کی شرط پر بتایاکہ نہ ہی کمیٹی کا کوئی سینئر افسر اور نہ ہی کوئی سیاسی رہنما اس جانب توجہ دے رہاہے ۔ ان کاکہناتھاکہ یہ تشویش ناک بات ہے کہ ضلع انتظامیہ اور میونسپل کمیٹی کی طرف سے اس اہم مسئلے پر کوئی توجہ نہیں دی جارہی ۔انہوںنے کہاکہ کھلے عام گندگی جلایاجانا عوام کی زندگی کیلئے تو خطرہ ہے ہی لیکن ساتھ ہی آبی نظام بھی اس سے متاثر ہورہاہے ۔جب اس حوالے سے اے ڈی ڈی سی راجوری اوتار سنگھ چب جومیونسپل کمیٹی کے ایڈمنسٹریٹر بھی ہیں ،سے بات کی گئی تو ان کاکہناتھاکہ حال ہی میں اعلیٰ حکام کی طرف سے یہ ہدایات ملی ہیں کہ ایک پلانٹ کو حتمی شکل دی جائے جہاں گندگی ٹھکانے لگائی جاسکے اوراس اب ضلع انتظامیہ اس معاملے پر کام کررہی ہے ۔انہوںنے کہاکہ یہ معاملہ ڈپٹی کمشنر کے زیر غور بھی ہے۔