عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//ورلڈ ہیومن رائٹس کونسل نے راجوری میں کچرا نکاسی کے ناقص انتظامات کے خلاف بھوک ہڑتال شروع کر دی ہے۔ یہ احتجاج ’کلین راجوری، گرین راجوری‘ کے نعرے کے تحت کیا جا رہا ہے۔اس احتجاجی تحریک کی قیادت کونسل کے جموں و کشمیر یونین ٹیریٹری صدر بل کرشن شرما کر رہے ہیں جبکہ را دھیش شرما، نیشو گپتا اور تنظیم کے دیگر کئی اراکین بھی اس میں شامل ہیں۔احتجاجی رہنماؤں نے کہا کہ بار بار حکام کو گزارشات کے باوجود غیر سائنسی طریقے سے کچرا پھینکنے اور ناکافی ویسٹ مینجمنٹ کے مسائل جوں کے توں ہیں، جس کی وجہ سے نہ صرف ماحولیات بری طرح متاثر ہو رہا ہے بلکہ عوامی صحت کو بھی سنگین خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اگر فوری اور مؤثر اقدامات نہ کئے گئے تو حالات مزید بگڑ سکتے ہیں، لہٰذا انتظامیہ کو چاہیے کہ جدید اور سائنسی بنیادوں پر کچرا نکاسی کا نظام قائم کرے تاکہ لوگوں کو صاف اور صحت مند ماحول میسر آ سکے۔احتجاجی مظاہرین نے اعلان کیا کہ ان کی بھوک ہڑتال اس وقت تک جاری رہے گی جب تک کہ انتظامیہ اس مسئلے کے حل کے لئے ٹھوس اور عملی اقدامات نہیں اٹھاتی۔