سمت بھارگو
راجوری//آرٹیکل 370 کی تنسیخ کی چھٹی برسی کے موقع پر کانگریس یونٹ راجوری نے پیر کے روز یومِ سیاہ کے طور پر احتجاج کیا۔ مظاہرے کی قیادت مقامی ایم ایل اے افتخار احمد نے کی۔کانگریس کارکنان نے ڈاکٹر بی آر امبیڈکر پارک میں جمع ہو کر حکومت کے اس اقدام کے خلاف نعرے بازی کی جس کے تحت جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کی گئی تھی۔مظاہرین نے شہر کی مرکزی سڑکوں سے احتجاجی ریلی نکالنے کی کوشش کی اور گجر منڈی کی طرف پیش قدمی کی تاہم پولیس نے انہیں راجوری تھانے کے سامنے روک دیا۔ اس دوران ایم ایل اے افتخار احمد سمیت متعدد کانگریس رہنماؤں اور کارکنوں کو حراست میں لے کر تھانے منتقل کر دیا گیا۔بعد ازاں قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد تمام مظاہرین کو رہا کر دیا گیا۔مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے ایم ایل اے افتخار احمد نے کہا کہ جموں و کشمیر کے عوام کو ان کے آئینی حقوق سے محروم کیا گیا ہے اور انہوں نے ریاستی درجہ بحال کرنے کا مطالبہ کیا۔پارٹی رہنماؤں نے کہا کہ ریاستی درجہ کوئی رعایت نہیں بلکہ عوام کا آئینی حق ہے جسے فوری طور پر بحال کیا جانا چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ آرٹیکل 370 کی منسوخی کے بعد لوگوں میں بیگانگی کا احساس بڑھا ہے، اور ریاستی درجہ کی بحالی جمہوری اداروں اور عوامی اعتماد کی بحالی کے لئے ناگزیر ہے۔پروگرام کا اختتام مرکزی حکومت سے اجتماعی اپیل پر ہوا کہ وہ جمہوری اقدار اور علاقائی جذبات کا احترام کرتے ہوئے ریاستی درجہ بحال کرے۔