عظمیٰ نیوز سروس
راجوری //راجوری میں منشیات کے بڑھتے ہوئے رجحان پر قابو پانے کے لئے ڈپٹی کمشنر راجوری، ابھیشیک شرما نے ایک اہم اجلاس کی صدارت کی، جس میں ضلع میں منشیات مخالف اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ایس ایس پی راجوری، گوروو سیکاروار سمیت مختلف محکموں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں عوامی بیداری مہمات کو تیز کرنے، ڈی ایڈکشن و بحالی مراکز کی بہتری، اور متاثرہ افراد کے لئے مؤثر مشاورت و مدد فراہم کرنے پر زور دیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے نیشنل رورل لائیولی ہْڈ مشن کے افسران کو ہدایت دی کہ وہ سیلف ہیلپ گروپس کے ذریعے گاؤں کی سطح پر آگاہی مہمات منظم کریں تاکہ عوام کو منشیات کے نقصانات سے آگاہ کیا جا سکے۔اجلاس میں ایک اہم فیصلہ منشیات کے شکار افراد کے لئے ایک خصوصی ہیلپ لائن قائم کرنے کا کیا گیا، جو محکمہ صحت کی نگرانی میں چلائی جائے گی۔ یہ ہیلپ لائن متاثرہ افراد کو معلومات، مشاورت، اور علاج کے لیے رہنمائی فراہم کرے گی۔ڈپٹی کمشنر نے ایڈکشن ٹریٹمنٹ فسیلٹی کے کام کا بھی جائزہ لیا اور متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ متاثرہ افراد کو بحالی اور بعد از علاج خدمات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے زور دیا کہ منشیات کے مسئلے سے نمٹنے کے لئے صحت، تعلیم، پولیس اور سماجی بہبود کے محکموں کے باہمی اشتراک سے ایک جامع حکمتِ عملی اپنائی جائے۔انہوں نے کہا کہ انتظامیہ منشیات کے خلاف ’’زیرو ٹولرنس پالیسی‘‘ پر عمل پیرا ہے اور تمام فریقین کو اشتراک و ہم آہنگی کے ساتھ اس لعنت کے خاتمے کے لیے سرگرم کردار ادا کرنا ہوگا۔اجلاس میں اے ڈی سی راجوری چندر پرکاش، پی او آئی سی ڈی ایس ہرپال سنگھ، سی ایم او ڈاکٹر منوہر لال رانا، ڈی ایس ڈبلیو او عبدالرحیم اور دیگر افسران شریک تھے، جبکہ مختلف سب ڈویڑنوں کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز نے ویڈیو موڈ کے ذریعے شرکت کی۔