عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//ڈپٹی کمشنر راجوری ابھیشیک شرما نے ضلع کے مختلف سرکاری دفاتر میں اچانک معائنہ کرتے ہوئے اسٹاف کی حاضری، دفتری کارکردگی اور عوامی خدمات کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ ان معائنوں کا مقصد سرکاری اہلکاروں کی ذمہ داریوں کی ادائیگی کو بہتر بنانا اور عوامی شکایات میں کمی لانا بتایا جا رہا ہے۔ڈپٹی کمشنر نے سب سے پہلے اے ڈی سی سندر بنی کے دفتر کا دورہ کیا، جہاں ریکارڈ کی جانچ کے دوران چار ملازمین بغیر اجازت ڈیوٹی سے غیر حاضر پائے گئے۔ اس پر انہوں نے متعلقہ افسران سے فوری وضاحت طلب کی اور کنٹرولنگ آفیسر کو قواعد کے مطابق کارروائی عمل میں لانے کی ہدایت کی۔اس کے بعد ڈی سی راجوری نے بی ڈی او سیوٹ کے دفتر کا معائنہ کیا۔ انہوں نے حاضری رجسٹر، جاری ترقیاتی کاموں، منریگا سمیت عوامی خدمات کی فراہمی کے نظام کا جائزہ لیا۔ انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ تمام اسکیموں کی شفافیت اور مؤثر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے لمبیڑی میں اچانک معائنہ کیا، جہاں آٹھ ملازمین ڈیوٹی سے غیر حاضر پائے گئے۔ ڈی سی نے اس رویے کو انتہائی سنجیدگی سے لیتے ہوئے کہا کہ عوام کے لئے کام کرنے والے محکموں میں اس قسم کی غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے متعلقہ غیر حاضر ملازمین کی ایک دن کی تنخواہ منہا کرنے کے احکامات دئیے ، ساتھ ہی ان کے خلاف محکمانہ کارروائی شروع کرنے کو بھی کہا۔ ڈی سی نے کہا کہ سرکاری دفاتر میں وقت کی پابندی اور حاضری عوامی مفاد سے جڑی ہوئی ہے اور اس میں لاپرواہی ناقابلِ قبول ہے۔ڈپٹی کمشنر نے اس بات پر زور دیا کہ ضلع انتظامیہ موثر طرزِ حکمرانی کے لئے پوری طرح سنجیدہ ہے اور تمام افسران و ملازمین کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ عوامی خدمات کی بروقت فراہمی کو یقینی بنائیں، سرکاری اسکیموں پر ایمانداری سے عمل کریں اور جوابدہی کے اعلیٰ معیار پر پورا اتریں۔ڈی سی نے واضح کیا کہ ایسے اچانک معائنے آنے والے دنوں میں مزید تیزی سے جاری رہیں گے تاکہ سرکاری دفاتر میں نظم و ضبط برقرار رہے اور عام لوگوں کو بہتر خدمات فراہم کی جا سکیں۔