عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//موٹر وہیکل ڈیپارٹمنٹ نے راجوری میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف پانچ روزہ خصوصی مہم کا آغاز کیا ہے، جس کے دوران مختلف مقامات بشمول نیشنل ہائی وے، درہال، کوٹرنکہ اور سندربنی میں کارروائیاں کی گئیں۔اس مہم کے دوران 77 گاڑیوں کے چالان کئے گئے، جبکہ 10 گاڑیاں ضبط کر لی گئیں۔ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر مجموعی طور پر 1.79 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا۔ 8 ڈرائیوروں کو شوکاز نوٹس جاری کئے گئے، جبکہ 5 افراد کے رجسٹریشن سرٹیفکیٹ (RC) معطل کرنے کے احکامات دئیے گئے، جو مبینہ طور پر مویشی سمگلنگ میں ملوث پائے گئے۔کارروائی کے دوران ڈرائیوروں کو سختی سے ہدایت دی گئی کہ وہ ٹریفک قوانین کی پاسداری کریں اوور اسپیڈنگ اور اوورلوڈنگ سے گریز کریں اور اپنی گاڑیوں میں کرایہ نامہ نمایاں طور پر آویزاں کریں۔ اس کے علاوہ، ان گاڑیوں پر بھی خاص توجہ دی گئی جو بغیر فٹنس سرٹیفکیٹ اور ڈرائیونگ لائسنس کے چل رہی تھیں۔حکام نے مسافر گاڑیوں کی چھتوں پر سامان لے جانے کے خلاف بھی سخت وارننگ جاری کی، کیونکہ اس طرح کی خلاف ورزیاں عوامی تحفظ کے لئے سنگین خطرہ ثابت ہو سکتی ہیں۔یہ مہم موٹر وہیکل ڈیپارٹمنٹ کی سڑکوں پر نظم و ضبط اور حفاظتی اقدامات کو یقینی بنانے کی مسلسل کوششوں کا حصہ ہے۔ انتظامیہ نے تمام گاڑی مالکان اور ڈرائیوروں پر زور دیا ہے کہ وہ ٹریفک قوانین کی مکمل پابندی کریں تاکہ ضلع میں محفوظ اور منظم سفری نظام قائم کیا جا سکے۔