جی کے نیوز سروس
راجوری //راجوری ضلع میں ’وِکست کرشی سنکلپ ابھیان ‘کا آٹھواں دن بھی کسانوں کے لئے معلوماتی اور تربیتی سرگرمیوں سے بھرپور رہا۔ یہ مہم جو کہ قومی سطح پر ’لیب سے زمین تک‘ مہم کے تحت چلائی جا رہی ہے، کا مقصد کسانوں کو سائنسدانوں اور ماہرین کے ساتھ براہ راست جوڑنا ہے تاکہ جدید زرعی طریقوں اور سرکاری اسکیموں کی جانکاری انہیں زمین پر دستیاب ہو۔اس سلسلے میں کرشی وگیان کیندرراجوری اور ریجنل ایگریکلچرل ریسرچ اسٹیشن راجوری نے زراعت سے وابستہ دیگر محکموں کے اشتراک سے ضلع بھر میں متعدد تقریبات کا انعقاد کیا۔ اس مہم کا مقصد نہ صرف کسانوں کو خود کفیل بنانا ہے بلکہ ملک کے ویڑن “وِکست بھارت 2047 کی تکمیل کی جانب اہم قدم ہے، جس میں زراعت کو ایک مضبوط اور خوشحال بھارت کی بنیاد کے طور پر تسلیم کیا گیا ہے۔مہم کے دوران کسانوں کو مختلف مرکزی سرکاری اسکیموں اور پروگراموں کی تفصیلات فراہم کی گئیں جن میں پردھان منتری کرشی سینچائی یوجنا (PMKSY)، سوئل ہیلتھ کارڈ، HADP، نیشنل مشن آن نیچرل فارمنگ (NMNF)، نیشنل مشن آن ایڈیبل آئل (NMEO)، پی ایم کسان، کسان کریڈٹ کارڈ (KCC)، فصل بیمہ یوجنا (PMFBY)، پی ایم ماندھن یوجنا، اور دیگر شامل ہیں۔ماہرین اور سائنسدانوں نے جانوروں کی دیکھ بھال، دودھ، چارہ، باغبانی، ریشم سازی، ماہی پروری اور آبپاشی جیسے موضوعات پر مفصل گفتگو کی۔ شرکاء نے ان تربیتی سیشنز کو معلوماتی اور کسان دوست قرار دیا۔