راجوری //ڈاک بنگلہ راجوری میں نیشنل کانفرنس کی میٹنگ منعقد ہوئی جس کی صدارت ضلع صدر شفاعت خان کررہے تھے ۔ اس موقعہ پرصوبائی نائب صدر بشیر احمد وانی ، پروفیسر محمد بشیر ماگرے ، سابق ایم ایل اے محمداسلم خان سمیت کئی دیگر لوگوں نے شمولیت کی ۔میٹنگ میں ماہانہ کارکردگی پر مفصل گفتگو کی گئی ۔ ضلع صدر نے کہا کہ ریاست جموں وکشمیر میں پچھلے دوسال سے سرکار نے عوام کو مشکلات کے سواکچھ بھی نہیں دیا ہے جس کی وجہ سے نوجوانوں تعلیم یافتہ طبقہ ذہنی تناؤمیںمبتلاء ہوتا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گاؤ ں دیہات میں لوگوں کو راشن نہیں مل رہا، اگر کہیں پر راشن دیا بھی جارہا ہے وہ صرف اثر ورسوخ اورسیاسی تعلقات کی بنیادوں پر۔انہوں نے کہا کہ غریب کا چولہا بڑی مشکل سے جل رہا ہے ۔انہوں نے لپا کہ مہنگائی آسمان چھورہی ہے لیکن ریاستی سرکار اندرونی اختلافات میں الجھ کر عوام کے حقوق کا استحصال کررہی ہے ۔این سی لیڈر کاکہناتھاکہ پچھلے دو سال میں صرف افتتاحی تقاریب کے علاوہ کچھ دیکھنے کو نہیں ملا اور موجودہ حکومت کے دور میں افسران سے کام لینے کے بجائے ان کے تبادلوں پر تبادلے کئے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت زمینی سطح پر عوام کے مسائل کو حل کرنے پر توجہ دے۔پروفیسر بشیر ماگرے نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل کانفرنس ہر کنبہ کو 35کلوراشن فراہم کرتی تھی تاہم پچھلے دوسال میں عوام کو پانچ کلوراشن تک محدود کرکے غریب کے پیٹ پر لات ماردی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ نیشنل کانفرنس کومضبوط کرکے عوام کو دوبارہ بنیادی حقوق فراہم کرائے جائیں ۔بشیر وانی نے کہاکہ نیشنل کانفرنس واحد جماعت ہے جو سیاست کی باگ ڈور سنبھال سکتی ہے ۔اس موقعہ پر ضلع یوتھ صدر مطیع الرحمن دیگران بھی موجود تھے ۔