عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//راجوری کے کھیورہ علاقے میں گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) سے ملحقہ ہسپتال کے قریب جھاڑیوں میں ایک نومولود بچے کی لاش برآمد ہونے سے علاقے میں سنسنی پھیل گئی۔ پولیس کے مطابق یہ بچہ محض چند گھنٹے یا ایک دن کا تھا۔بچے کی لاش کھیورہ محلہ میں جھاڑیوں کے درمیان ملی، جس کے بعد واقعے پر عوامی حلقوں میں شدید تشویش اور غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔راجوری پولیس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تفتیشی ٹیم بچے کی موت کے اسباب جاننے اور واقعے میں ملوث افراد کی شناخت کے لئے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کر رہی ہے۔نومولود کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے جی ایم سی راجوری ہسپتال کے مردہ خانہ میں رکھ دیا گیا ہے تاکہ حقائق سامنے لائے جا سکیں۔