عظمیٰ نیوز سروس
راجوری// ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر راجیو کمار کھجوریا نے ایک اہم اجلاس کی صدارت کی، جس میں مقدس نوراتری تہوار کے لئے کئے جانے والے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں تہوار کے پرامن اور منظم انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے سیکورٹی قانون و انتظام، ٹریفک کنٹرول، بنیادی سہولیات جیسے پانی اور بجلی کی فراہمی، صفائی ستھرائی، طبی سہولیات، اور اشیائے خورد و نوش کے معیار اور قیمتوں کی سخت نگرانی جیسے پہلوؤں پر غور کیا گیا۔ متعلقہ محکموں کو قریبی رابطہ اور ہم آہنگی کے ساتھ تمام ضروری اقدامات مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی۔محکمہ جل شکتی اور محکمہ بجلی کو ہدایت دی گئی کہ وہ تہوار کے دوران بلا تعطل پانی اور بجلی کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔ آگ سے بچاؤ کے پیش نظر فائر اینڈ ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ کو ہدایت دی گئی کہ وہ فائر ٹینڈرز کو الرٹ رکھے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔اس کے علاوہ، میونسپل کونسل راجوری کے متعلقہ افسر کو شہر میں صفائی ستھرائی کو یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی، تاکہ عوامی اجتماعات کے دوران حفظان صحت کے اصولوں پر مکمل عمل ہو۔ ممکنہ طبی ایمرجنسی کے پیش نظر محکمہ صحت کو تمام ضروری طبی سہولیات کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے اس بات پر زور دیا کہ تمام متعلقہ محکمے اور اسٹیک ہولڈرز مل کر مشترکہ کاوشوں سے نوراتری کے مقدس تہوار کو احسن طریقے سے منانے میں تعاون کریں۔ انتظامیہ کی یہ پیشگی کوششیں ضلع بھر کے شہریوں کو ایک محفوظ اور خوشگوار ماحول فراہم کرنے کے عزم کی عکاس ہیں۔اجلاس میں ایگزیکٹو انجینئر پی ڈی ڈی راجوری محمد راشد، ایڈیشنل ڈائریکٹر فوڈ، سول سپلائیز اینڈ کنزیومر افیئرز روہت کمار، فوڈ سیفٹی آفیسر اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔