عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//جے کے بی آر ایس ای ٹی آئی راجوری نے خواتین کے ملبوسات کی سلائی کے شعبے میں 31 دنوں پر مشتمل پیشہ ورانہ تربیتی پروگرام کا کامیابی سے اختتام کیا، جس میں 34 امیدواروں نے تربیت مکمل کی۔اس کورس کا مقصد شرکاء کو سلائی اور ملبوسات بنانے کی عملی مہارت فراہم کرنا تھا تاکہ ان کی روزگار اور کاروباری امکانات میں اضافہ ہو سکے۔کورس کے آخری دن، لیڈ ڈسٹرکٹ منیجر سنجیو بھاسن نے کاروباری صلاحیتوں کی اہمیت پر زور دیا اور تربیت حاصل کرنے والے امیدواروں کو مختلف حکومتی اسکیموں جیسے کہ ڈیفرینشل ریٹ آف انٹرسٹ (DRI)، مائیکرو یونٹس ڈیولپمنٹ اینڈ ریفنانس ایجنسی (MUDRA)، ٹی جیوانی دی ریڈیئنٹ، جے کے آر ای جی پی (جموں و کشمیر رورل ایمپلائمنٹ جنریشن پروگرام) اور پی ایم ای جی پی (پرائم منسٹر ایمپلائمنٹ جنریشن پروگرام) کا فائدہ اٹھانے کی ترغیب دی تاکہ وہ اپنے سلائی کے کاروبار قائم کر سکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ’یہ اسکیمیں آپ کو مالی معاونت، رہنمائی اور وسائل فراہم کر سکتی ہیں تاکہ آپ اپنے کاروبار کو شروع اور ترقی دے سکیں‘۔جے کے بی آر ایس ای ٹی آئی کے ڈائریکٹر سنیل شرما نے کامیاب تربیت مکمل کرنے والوں کو مبارکباد دی اور ان کی آئندہ کامیابیوں کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے جے کے بی آر ایس ای ٹی آئی راجوری کے عزم کو دہرایا کہ وہ نوجوانوں کو اعلیٰ معیار کی پیشہ ورانہ تربیت اور مہارت کی ترقی کے مواقع فراہم کرتا ہے، تاکہ وہ بہتر زندگی گزار سکیں۔اس کورس کی کامیاب تکمیل جے کے بی آر ایس ای ٹی آئی راجوری کے عزم کو ظاہر کرتی ہے جو اس خطے میں نوجوانوں کی مہارت کی ترقی اور خودمختاری کے لیے وقف ہے۔