عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//جموں و کشمیر پولیس نے منشیات کے کاروبار کے خلاف اپنی مہم جاری رکھتے ہوئے راجوری کے کوٹ دھڑہ گاؤں کے ایک منشیات فروش کی جائیداد ضبط کرلی، جس کی مالیت تقریباً انیس لاکھ روپے بتائی گئی ہے۔ضلعی پولیس دفتر راجوری سے جاری ایک سرکاری بیان کے مطابق، پولیس اسٹیشن سندر بنی نے منشیات کے مقدمے میں ملوث ایک ملزم کی غیر منقولہ جائیداد کو این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت ضبط کیا ہے۔پولیس کے مطابق، ضبط کی گئی جائیداد ایک سنگل اسٹوری رہائشی مکان ہے، جس کی ملکیت انور حسین ولد امین شاہ ساکن کوٹ دھڑہ راجوری کے نام پر ہے۔ یہ کارروائی ایف آئی آر نمبر 15/2025 کے تحت عمل میں لائی گئی، جو کہ این ڈی پی ایس ایکٹ کی متعلقہ دفعات اور سیکشن 111 بی این ایس کے تحت درج مقدمے سے منسلک ہے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ کارروائی سیکشن 68-F کے تحت تمام قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد عمل میں لائی گئی۔ مقدمہ اس سال 20 مارچ کو درج کیا گیا تھا جب پولیس نے دو ملزمان کے قبضے سے 3.640 کلوگرام چرس برآمد کی تھی۔ اس دوران دونوں افراد کو موقع پر گرفتار کیا گیا، جبکہ انور حسین کو بعد ازاں کیس میں بطور فارورڈ لنک گرفتار کیا گیا۔پولیس حکام نے کہا کہ راجوری پولیس منشیات کے نیٹ ورک کو جڑ سے ختم کرنے اور اس سے حاصل ہونے والی ناجائز دولت کو ضبط کرنے کے لئے پرعزم ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ منشیات کے خلاف اس اجتماعی جنگ میں پولیس کا ساتھ دیں تاکہ معاشرہ منشیات کی لعنت سے پاک ہو سکے۔